کویت سٹی12جون: کویت میں بدھ کے روز ایک عمارت میں زبردست آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں 41 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ خلیجی ملک سے آنے والی خبروں کے مطابق مرنے والوں میں وہاں کام کرنے والے تقریباً 30 ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ حکام نے بتایا کہ آگ بدھ کو علی الصبح کویت کی جنوبی احمدی گورنری کے علاقے منگاف میں واقع 6 منزلہ عمارت کے باورچی خانہ میں لگی۔ خیال رہے کہ کویت کی کل آبادی کا 21 فیصد (10 لاکھ) ہندوستانی ہیں، جو افرادی قوت کا 30 فیصد (تقریباً 9 لاکھ) ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ عمارت میں تقریباً 160 لوگ رہتے تھے جو ایک ہی کمپنی کے ملازم ہیں۔ وہاں رہنے والے بہت سے ملازمین ہندوستانی ہیں۔ کویت میں ہندوستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’”آج ہندوستانی کارکنوں کے ساتھ ہونے والے المناک آتشزدگی کے حادثے کے سلسلے میں سفارت خانے نے ایک ہنگامی ہیلپ لائن نمبر +965-65505246 جاری کیا ہے۔ تمام متعلقہ افراد سے درخواست ہے کہ تازہ کاری کے لئے اس ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔ سفارت خانہ ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘ العربیہ کے مطابق حکام نے کہا ہے کہ ’محکمہ شہری دفاع کی ٹیموں نے آتشزدگی پر قابو پا لیا ہے۔ محکمہ شہری دفاع نے آتشزدگی کے اسباب جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔‘‘ حکام نے کہا ہے کہ ’’عمارت چھ منزلہ ہے جس میں 43 افراد زخمی ہوگئے اور جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔’’ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’کویت سٹی میں آتشزدگی کے واقعہ کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہسپتال میں 50 سے زائد افراد داخل ہیں۔ ہمارے سفیر موقع پر گئے ہیں۔ ہم مزید معلومات کا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعہ میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ سے میری گہری تعزیت ہے۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ ہمارا سفارت خانہ اس سلسلے میں تمام متعلقہ افراد کو مکمل مدد فراہم کرے گا۔

کویت ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، کویت کے وزیر داخلہ شیخ فہد الیوسف الصباح نے پولیس کو عمارت کے مالک، عمارت کے چوکیدار اور کارکن کی آجر کمپنی کے مالک کو جائے وقوعہ پر موجود مجرمانہ شواہد کے اہلکاروں کی تحقیقات مکمل ہونے تک گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔‘‘