ممبئی، 22 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کہا کہ وراٹ کوہلی ذاتی وجوہات کی بناء پر انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں نہیں کھیلیں گے۔بی سی سی آئی نے آج یہاں جاری ایک ریلیز میں کہا “وراٹ نے اس بارے میں کپتان روہت شرما، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز سے بات کی ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کرنا ان کی اولین ترجیح ہے، لیکن ذاتی وجوہات کی وجہ سے وہ پہلے دو میچز ٹیسٹ میچز کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔کوہلی اس سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف ڈرا ہوئی ٹیسٹ سیریز کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے افغانستان کے ساتھ ٹی ٹونٹی سیریز میں طویل عرصے بعد واپسی کی تھی۔
بی سی سی آئی نے ابھی تک کوہلی کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے، لیکن دوڑ میں سب سے آگے چیتشور پجارا، رجت پاٹیدار، ابھیمنیو ایشورن اور سرفراز خان شامل ہیں۔پجارا نے آخری بار ہندوستان کے لیے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل گزشتہ سال کھیلا تھا۔ اس سال کی رنجی ٹرافی کا آغاز جھارکھنڈ کے خلاف ناٹ آؤٹ ڈبل سنچری کے ساتھ کیا اور اپنے اگلے دو میچوں میں نصف سنچری بنا کر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔جبکہ پاٹیدار اور سرفراز دونوں نے انگلینڈ لائنز کے دورے کے خلاف انڈیا اے کے لیے کھیلا اور متاثر کیا۔
پاٹیدار نے ان کے ٹور گیمز اور پہلے غیر سرکاری ٹیسٹ دونوں میں سنچریاں بنائیں جبکہ سرفراز نے دونوں میچوں میں نصف سنچریاں بنائیں۔ابھیمنیو نے جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ کے لیے ہندوستان کے ریزرو اوپنر کے طور پر زخمی رتوراج گائیکواڑ کی جگہ لی تھی اور فی الحال ہندوستان اے کی کپتانی کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا آغاز 25 جنوری سے حیدرآباد میں ہوگا۔