چنئی، 26 مئی (یو این آئی)کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے آئی پی ایل 2024کا خطاب جیت لیا ہے۔ ٹیم نے فائنل میچ میں سن رائزرز حیدرآباد کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ کولکاتا کی ٹیم اس لیگ میں تیسری بار چیمپئن بنی ہے۔ ٹیم نے 10 سال بعد یہ خطاب جیتا ہے۔ کولکاتا آخری مرتبہ 2014 میں چیمپئن بنی تھی۔اتوار کو چیپاک گراؤنڈ پر حیدرآباد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 18.3 اوور میں 113 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ کولکاتا نے 114 رنز کا ہدف 10.3 اوور میں 2 وکٹ پر حاصل کر لیا۔ وینکٹیش ایر نے 26 گیندوں پر 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ رحمان اللہ گرباز نے 32 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔ بولنگ میں آندرے رسل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔قبل ازیں کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے گیند بازوں نے جارحانہ گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے خطابی میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کو 18.3 اوور میں 113 رنوں پر سمیٹ دیا۔یہاں آج سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنس نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آنے والی حیدرآباد کی شروعات کافی خراب رہی اور اس نے پہلے ہی اوور میں ابھیشیک شرما (2) کا وکٹ گنوا دیا۔ ابھیشیک کو مچل اسٹارک نے بولڈ آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں ویبھو اروڑہ نے ٹریوس ہیڈ (0) کو بھی پویلین بھیج دیا۔ راہل ترپاٹھی (9) بھی پانچویں اوور میں مچل کا شکار بنے۔ عدن مارکرم اور نتیش کمار ریڈی نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ حیدرآباد کا کوئی بھی بلے باز کولکاتا کے گیند بازوں کے سامنے ٹھہر نہ سکا اور کھلاڑی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔ ہرشیت رانا نے ساتویں اوور میں نتیش کمار ریڈی (13) کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد 11ویں اوور میں ہرشیت نے ایڈن مارکرم (16) کو بولڈ کر دیا۔ شہباز احمد (8)، عبدالصمد (4)، جے دیو انادکت (4) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان پیٹ کمنس نے 18 گیندوں پر 24 رنوں کی سب سے زیادہ اننگز کھیلی۔ حیدرآباد کی ٹیم 18.3 اوور میں 113 رن پر ڈھیر ہوگئی۔کولکاتا نائٹ رائیڈرز کی جانب سے آندرے رسل نے تین وکٹ حاصل کئے۔ مچل اسٹارک اور ہرشیت رانا نے دو دو وکٹ حاصل لئے۔ ویبھو اروڑہ، سنیل نارائن اور ورون چکرورتی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔