نیلسن (نیوزی لینڈ)، 2 جنوری (یو این آئی) کوسل پریرا کی طوفانی سنچری (101)، چریت اسالنکا (تین وکٹ) اور وینندو ہسرنگا (دو وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت جمعرات کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو سات رن سے شکست دی۔ تاہم نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ کوسل پریرا کو ان کی طوفانی سنچری پر ’پلیئر آف دی میچ‘ اور سیریز میں آٹھ وکٹ لینے والے نیوزی لینڈ کے باؤلر جیکب ڈفی کو ’پلیئر آف دی سیریز‘ سے نوازا گیا۔سری لنکا کے 218 رن کے جواب میں نیوزی لینڈ کی اوپننگ جوڑی ٹم رابنسن اور راچن رویندر نے عمدہ آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 81 رن جوڑے۔
آٹھویں اوور میں بی فرنینڈو نے ٹم رابنسن (37) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ اس کے بعد چرت اسالنکا نے مارک چیپ مین (نو) اور گلین فلپس (چھ) کو آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کو دو دھچکے دیئے۔ 13ویں اوور میں اسلنکا نے راچن رویندر کو بولڈ کر کے سری لنکا کو چوتھی کامیابی دلائی۔ راچن رویندر نے 39 گیندوں میں پانچ چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے 69 رن کی اننگز کھیلی ۔ ہسرنگا نے 16ویں اوور میں مچل ہی (آٹھ) کو بولڈ کیا۔اسی اوور میں انہوں نے مائکل بریسویل (ایک) کو بھی اپنا شکار بنایا۔ سری لنکا کے لئے ساتویں اہم وکٹ نووان تشارا نے ڈیرل مچل کو آؤٹ کیا۔ ڈیرل مچل نے 17 گیندوں پر ایک چوکا اور چار چھکے لگا کر 35 رن بنائے۔ مچل سینٹنر (14) اور جیکری فاکس (21) رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر صرف 211 رن بنا سکی اور سات رن سے میچ ہار گئی۔