نئی دہلی، 13 مئی (یو این آئی) کورین کلچرل سینٹر انڈیا کے چھ تائیکوانڈو طلباء کو ہندوستانی قومی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ یہ ہونہار طلباء ویتنام کے شہر دا نانگ میں 14 مئی سے شروع ہونے والی ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے۔ اس کا سہرا کورین کلچرل سنٹر انڈیا کے ماہر تائیکوانڈو انسٹرکٹر لی وانیونگ کو جاتا ہے۔ وہ ہندوستانی ٹیم کے کوچ بھی ہیں۔ کورین کلچرل سنٹر انڈیا کے چھ ہونہار طلباء اویناش کمار ساہنی، انوراگ یادو، شلپا تھاپا، ہرش وردھن گرونگ، کنال کمار اور ریتیکا نیگی اس مقابلے میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ ایتھلیٹس دو زمروں پومسے اور کیوروگی میں مقابلہ کریں گے – مزید برآں ہندوستانی نوجوانوں کو تائیکوانڈو کی طرف راغب کرنے کے لیے، کورین کلچرل سینٹر انڈیا نے انڈیا تائیکوانڈو کے ساتھ ایک اہم مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے پر دہلی میں کورین کلچرل سینٹر کے ڈائریکٹر ہوانگ ال یونگ اور انڈیا تائیکوانڈو کے صدر نام دیو سمپت شرگاونکر نے دستخط کیے ۔ اس معاہدے کے تحت، انڈیا تائیکوانڈو اور کورین کلچرل سینٹر مشترکہ تعلیمی اقدامات کریں گے، جن میں تائیکوانڈو کی تعلیم، مقابلے، تربیتی کیمپ، کورین ثقافتی تائیکوانڈو مہمات، اور قومی اور بین الاقوامی فورمز پر نمائندگی کے لیے تربیتی پروگرام شامل ہیں۔ یہ اقدامات مارشل آرٹس کے طلباء کی صلاحیتوں اور خود اعتمادی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ انہیں مستقبل میں اس کھیل میں ملک کی نمائندگی کرنے کی ترغیب دیں گے۔ انڈیا تائیکوانڈو ہندوستانی تائیکوانڈو کھیل کی گورننگ باڈی ہے اور عالمی تائیکوانڈو اور ایشیائی تائیکوانڈو کا بھی رکن ہے۔ کورین کلچرل سینٹر انڈیا کے ڈائریکٹر مسٹر ہوانگ ال یونگ نے کہا، “ہم ہندوستان میں تائیکوانڈو کی ترقی کے لیے انتھک کوششیں جاری رکھیں گے۔ اسکولی تعلیم میں تائیکوانڈو کی کلاسز اور خصوصی تربیتی پروگرام طلباء کو کورین ثقافت سے متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ ان کے مستقبل کے لیے نئی امیدیں اور امکانات کھولیں گے۔ ہیڈ آف انڈیا تائیکوانڈو نام دیو سمپت شرگونکر نے مزید کہا، “تائیکوانڈو کی ابتدا کوریا میں ہوئی، اور کوریا کے ثقافتی مرکز کے ساتھ مل کر اسے ہندوستان میں تیار کرنا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ ہماری مشترکہ پہل کے ساتھ ہم امید کرتے ہیں کہ ہندوستان میں تائیکوانڈو کے مزید ٹیلنٹ کی نشاندہی کریں گے اور اس کھیل کو ملک میں نئی بلندیوں تک لے جاسکیں گے۔ کورین کلچرل سینٹر انڈیا نے 2021 سے ہندوستان کے اسکولوں میں تائیکوانڈو کی پڑھائی کو فروغ دیا ہے۔ اس وقت پورے ملک کے 46 اسکولوں میں 3,662 طلبہ یہ مارشل آرٹ سیکھ رہے ہیں جو کہ گزشتہ سال کے 1,530 طلبہ سے زیادہ ہیں۔اس سال کورین کلچرل سینٹر، انڈیا نے مقامی تائیکوانڈو اداروں کے ساتھ مل کر اساتذہ کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، تاکہ مستقبل میں مزید اسکول اپنے نصاب میں تائیکوانڈو کو شامل کر سکیں۔