بھوپال، 23 فروری (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے کانگریس کارکنوں سے پارٹی لیڈر راہل گاندھی کی ‘بھارت جوڑو نیائے یاترا میں شامل ہو کر مسٹر گاندھی کا ‘سنبل بننے کی اپیل کی ہے۔مسٹر کمل ناتھ نے آج اپنی ایکس پوسٹ میں کہا، ’’مدھیہ پردیش کے لوگ اور کانگریس کارکن راہول گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کا استقبال کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ ہمارے لیڈر راہول گاندھی نے پورے ملک میں سڑکوں پر نکل کر ناانصافی، جبر اور استحصال کے خلاف فیصلہ کن لڑائی کا اعلان کیا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ وہ مدھیہ پردیش کے لوگوں اور کانگریس کارکنوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں بھارت جوڑو نیائے یاترا میں شامل ہو کر مسٹر راہل گاندھی کی طاقت اور ہمت بنیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سب مل کر ناانصافی کے خلاف اس عظیم مہم کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔پچھلے کچھ دنوں سے مسٹر کمل ناتھ کے کانگریس چھوڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں۔ ایسے میں ان کی اس یاترا میں شرکت پر شک کے بادل چھائے ہوئے تھے۔ تاہم دو روز قبل انہوں نے اس دورے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں ورچولی طور پر شرکت کرکے ان قیاس آرائیوں کو کافی حد تک ختم کرنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے اس یاترا میں شرکت کی بات بھی کہی تھی۔مسٹر گاندھی کی یاترا مرینا سے 2 مارچ کو مدھیہ پردیش میں داخل ہوگی۔ اس یاترا کے سلسلے میں مسٹر گاندھی 6 مارچ تک مدھیہ پردیش میں رہیں گے۔ 6 مارچ کو ان کی یاترا رتلام کے سیلانہ کے راستے راجستھان میں داخل ہوگی۔