بھوپال، 17 فروری (رپورٹر) مدھیہ پردیش کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹواری نے کمل ناتھ کے بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیا۔ کمل ناتھ اور ان کے بیٹے چھندواڑہ کے ایم پی نکول ناتھ کے بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کے درمیان ریاستی صدر پٹواری نے کہا کہ انہوں نے ان سے فون پر بات کی ہے اور وہ مسلسل رابطے میں ہیں۔ یہ خبریں بے بنیاد ہیں۔ کیا آپ خواب میں بھی سوچ سکتے ہیں کہ اندرا جی کا تیسرا بیٹا کانگریس چھوڑ سکتا ہے… جس کی قیادت میں ہم نے 2 مہینے پہلے الیکشن لڑا تھا۔ جسے کانگریسی کارکنان وزیر اعلیٰ بنانے کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر رہے تھے، کیا وہ کانگریس چھوڑ سکتے ہیں؟سیاسی حلقوں میں چرچا ہے کہ راجیہ سبھا کے لیے ان کی پسند کا امیدوار نہیں بنائے جانے سے ناراض ہیں، جس پر صفائی دیتے ہوئے پٹواری نے کہا کہ راجیہ سبھا کے لیے امیدوار اشوک سنگھ کا انتخاب متفقہ طور پر کیا گیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ چھندواڑہ کے ایم پی نکول ناتھ اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ اپنے تمام دورے منسوخ کر کے ہفتہ کو دارالحکومت دہلی پہنچ گئے ہیں۔