جبل پور۔یکم مارچ(پریس ریلز) ممبئی سے شائع ہونے والے ماہنامہ اردو آنگن نے اپنا حالیہ شمارہ مدھیہ پردیش عصری ادب نمبرشائع کیا ہے۔ اس خصوصی شمارے میں نئے قلم کاروں کے ساتھ ساتھ مدھیہ پردیش کے مقتدر و محترم محققین تاریخ نگار صحافی اور ادبا کی تحقیقی اورتخلیقی نگارشات کو شامل کیا گیا ہے۔جونہ صرف مدھیہ پردیش بلکہ ملک اور بیرون ملک دستاویزی اہمیت کی حامل ہیں۔اس شمارہ کی رونمائی محترمہ نصرت مہدی صاحبہ ڈائریکٹر مدھیہ پردیش اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے دست مبارک سے ۳؍مارچ اتوار شام ساڑھے چار بجے روی شنکر شکلا ہندی بھون شیاملہ ہلس میں منعقد ہونے والے کل ہند مشاعرے میں کیا جائے گا۔ معروف ادیب و شاعر کوثر صدیقی کا ترانۂ پرچم اردو کا آئیڈیو ویڈیو بھی لانچ ہوگا اس کا افتتاح محسنِ اردو دیوی سرن فرمائیں گے۔ترانہ کے آئیڈ یو ویڈیو کی تکمیل اور ان ساری تقریبات کا اہتمام کمال پبلی کیشن جبل پور اور اردو گگن سنستھا ممبئی کے باہمی اشتراک سے کیا جا رہا ہے مقامی طور پر اس محفل کو آراستہ کرنے میں وجے تیواری وجے معاون و مددگار بنے ہیں۔ کمال پبلی کیشن کے ڈائریکٹر فیرز کمال اور اردو گگن کے صدر مشیر انصاری کے مطابق مشاعرے کی صدارت مشہور شاعر و ادیب ظفر صہبائی فرمائیں گے ، اس محفل کی اہمیت و عظمت جن صاحبانِ علم آگہی کی شرکت سے دوبالاہونے والی ہے ان تاریخ ساز شخصیات میںجناب عارف عزیز ،ڈاکٹر رضیہ حامد، ضیا فاروقی، پرنسپل اسلم شیخ، سیفی سرونجوی، انعام اللہ خاں لودھی صاحبان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مشہور فلم ساز اورمصنف رومی جعفری جو شہرِ نگاراں بھوپال کے پروردہ ہیں ان کی بھی شرکت یقینی ہے۔مشاعرے میں ظفر صہبائی،اقبال مسعود، فاروق انجم، شاہد انجم ، وجے تیواری وجے،عارف علی عارف، بدرواسطی،قاضی ملک نوید، ارجمند بانو،ساجد پریمی، ڈاکٹر اعظم، ڈاکٹر احسان اعظمی، ریاض منصف، امتیاز گورکھپوری، شعیب علی خاں، مشیر انصاری، طاہر نقاش، فاضل فیض، عنبر عابد، دیپ شکھا ساگر، شمیم حیات، سراج محمد سراج، کملیش نور صاحبان کو مدعو کیا گیا ہے۔پریس ریلز میں کمال پبلی کیشن کے فیروز کمال ، اردو گگن کے صدر مشیر انصاری، امتیاز گورکھپوری، اشفاق کمال نے اہلِ ذوق حضرات سے شرکت کی درخواست کی ہے۔