وڈودرا :18؍جنوری:کرناٹک نے پانچ سال بعد مینک اگروال کی کپتانی میں وجے ہزارے ٹرافی جیتی۔ ٹیم 20-2019 کے سیزن میں آخری چیمپئن تھی۔کرناٹک نے 5ویں بار وجے ہزارے ٹرافی جیتی۔ ٹیم نے ودربھ کو، جو پہلی بار فائنل کھیل رہی تھی، کو اتوار کو 36 رنز سے شکست دی۔ وڈودرا میں کرناٹک نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 6 وکٹ پر 348 رن بنائے۔ جواب میں ودربھ کی ٹیم صرف 312 رنز بنا سکی۔سیزن میں پانچ سنچریاں بنانے والے ودربھ کے کپتان کرونا نائر صرف 27 رنز ہی بنا سکے۔ اوپنر دھرو شور نے سنچری اسکور کی، لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کروا سکے۔ کرناٹک کے مڈل آرڈر بلے باز روی چندرن سمرن نے 101 رنز بنائے۔ ٹیم کی طرف سے پرسدھ کرشنا، واسوکی کوشک اور ابھیلاش شیٹی نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔کوٹمبی اسٹیڈیم میں ودربھ نے ٹاس جیت کر گیند بازی کرنے کا انتخاب کیا۔ کرناٹک کی شروعات خراب رہی، اس نے 67 رنز پر 3 وکٹ گنوا دیے۔ کپتان میانک اگروال نے 32، دیودت پڈیکل نے 8 اور کے وی انیش نے 23 رنز بنائے۔ اس کے بعد سمرن نے وکٹ کیپر کرشنن سریجیت کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے ٹیم کا سکور 200 کے پار پہنچا دیا۔سریجیت 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے سمرن کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 160 رنز کی شراکت کی۔ سمرن نے سنچری بنائی اور ٹیم کا سکور 300 کے پار پہنچا دیا۔ انہوں نے ابھینو منوہر کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 106 رنز جوڑے۔ سمرن نے 101 رنز بنائے جبکہ منوہر 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کرناٹک کی جانب سے ہاردک راج نے 12 اور شریاس گوپال نے 3 رنز بنا کر اسکور کو 348 رنز تک پہنچا دیا۔ ودربھ کی جانب سے درشن نالکنڈے اور نچیکیت بھوٹے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ یش ٹھاکر اور یش کدم کو 1-1 سے کامیابی ملی۔کرناٹک کے لیے فائنل میں روی چندرن سمرن نے سنچری بنائی۔ انہوں نے سیمی فائنل میں 76 رنز بنائے۔349 رنز کے ہدف کا سامنا کرتے ہوئے ودربھ نے 6 کے رن ریٹ سے بلے بازی کی۔ سلامی بلے باز دھرو شور نے ایک سرے پر قبضہ جمایا لیکن ان کے سامنے وکٹیں گرتی رہیں۔ یش راٹھور نے 22، کرونا نائر نے 27، یش کدم نے 15، وکٹ کیپر جیتیش شرما نے 34 اور شبھم دوبے نے آٹھ رنز بنائے۔دھرو شور نے سنچری بنائی، وہ 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ودربھ کی فائنل جیتنے کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔ ان کے بعد اپوروا وانکھیڑے 12 رنز، نچیکیت بھوٹے 5 رنز اور درشن نالکنڈے 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہرش دوبے نے تیز 63 رنز بنائے، لیکن اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں مدد نہ کر سکے۔ ودربھ کی ٹیم 312 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
کرناٹک کی جانب سے واسوکی کوشک، پرسید کرشنا اور ابھیلاش شیٹی نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہاردک راج کو ایک کامیابی ملی۔