نئی دہلی یکم جنوری: دہلی میں یوم جمہوریہ پریڈ اور بیٹنگ ریٹریٹ کو براہ راست دیکھنے کے لیے ٹکٹوں کی فروخت 2 جنوری 2025 سے شروع کر دی جائے گی۔ 26 جنوری 2025 کو یوم جمہوریہ کے موقع پر پریڈ دیکھنے کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 20 اور 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔ ٹکٹوں کی فروخت میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ گھر بیٹھے موبائل کے ذریعہ ویب سائٹ پر جا کر ٹکٹ بُک کر سکتے ہیں۔ واضح ہو کہ ہر سال 26 جنوری کو ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں ’کرتویہ پتھ‘ پر عظیم الشان پریڈ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہ پریڈ ہندوستان کی فوجی طاقت، ثقافتی وراثت اور قومی اتحاد کو ظاہر کرتی ہے۔ ’کرتویہ پتھ‘ پر یوم جمہوریہ پریڈ اور بیٹنگ ریٹریٹ دیکھنے کے لیے ٹکٹ کی آن لائن بُکنگ کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے وزارت دفاع کی آفیشیل ویب سائٹ پر وزٹ کر سکتے ہیں یا پھر اس لِنک aamantran.mod.gov.in/login پر جا کر گھر بیٹھے اپنے موبائل سے لاگ اِن کر سکتے ہیں۔ لنک پر کلک کرنے کے بعد نیچے دیے گئے ’گِرین آپشن‘ (Book your ticket here) پر کلک کریں۔ پھر نیچے دیے گئے ’او ٹی پی آپشن‘ پر کلک کریں اور موبائل پر موصول ہوئے او ٹی پی کو درج کر کے ٹکٹ بُکنگ سے متعلق آگے کی کارروائی مکمل کر سکتے ہیں۔