نئی دہلی19اپریل: دہلی شراب پالیسی معاملہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں جیل میں قید دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی صحت کو لے کر راجدھانی دہلی کے سیاسی حلقوں میں جمعرات سے ہی الزامات اور جوابی الزامات لگائے جا رہے ہیں اور یہ سلسلہ جمعہ کو بھی جاری رہا۔ جمعہ کو صبح عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے پریس کانفرنس کی اور بی جے پی، ایل جی اور تہاڑ انتظامیہ پر کئی الزامات لگائے۔ عآپ لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی سیاست کے نچلے ترین مقام پر پہنچ گئی ہے۔ کل سے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی بیماری کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا بی جے پی لیڈروں کو شوگر کا مسئلہ نہیں ہے؟ ان سے پوچھیں کہ وہ اس بیماری سے کیسے نمٹتے ہیں۔ سنجے سنگھ نے مزید سوال کیا کہ جس شخص کو شوگر ہوتی ہے اسے کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بی جے پی کے لوگ اس طرح کی سیاست نہ کریں، سی ایم کیجریوال کا مذاق اڑانا بند کریں۔ دریں اثنا، سنجے سنگھ نے ایک بار پھر الزام لگایا کہ تہاڑ میں سی ایم کیجریوال کو انسولین نہیں دی جا رہی ہے، جبکہ ذیابیطس کے مریض کے لیے انسولین نہ لینا سنگین معاملہ ہے؟ سنجے نے مزید کہا کہ ای ڈی نے سی ایم کے ڈائٹ چارٹ کے بارے میں بھی جھوٹ بولا۔ میڈیا میں غلط ڈائٹ چارٹ چلایا گیا۔ کیجریوال کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عآّپ کے ایم پی نے الزام لگایا کہ کیجریوال کو قتل کرنے کی گہری سازش رچی جا رہی ہے، ان کے ساتھ جیل میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔