نئی دہلی 9جنوری:دہلی اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سیاسی لیڈران کا ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا سلسلے شروع ہو چکا ہے۔ دریں اثنا عام آدمی پارٹی کے کنویز اروند کیجریوال جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کر کے ایک خط پیش کیا۔ خط کے اندر انہوں نے نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے بی جے پی امیدوار پرویش ورما کے گھر پر فوری چھاپہ ماری کرنے کی بات کہی ہے۔ کیجریوال نے الزام لگایا ہے کہ پرویش ورما خواتین کو کھلے عام پیسے بانٹ رہے ہیں۔ بی جے پی امیدوار سیدھے طور پر انتخابی ظابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ وہ لوگوں کو نوکریوں کا جھانسا دے کر ووٹ مانگ رہے ہیں۔ ساتھ ہی کیجریوال نے خط میں لکھا کہ ڈی ای او کو فوری طور پر معطل اور ٹرانسفر کیا جائے۔ کیجریوال نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’’پرویش ورما جاب کارڈ بنوا رہے ہیں۔ یوپی-بہار سے لوگوں کو لا کر فرضی ووٹر بنوائے جا رہے ہیں۔ نئی دہلی اسمبلی سیٹ پر 13 ہزار نئے ووٹرس اچانک کیسے بن گئے۔ بہت بڑے پیمانے پر گھوٹالہ ہو رہا ہے۔ پرویش ورما کو انتخاب لڑنے سے روکا جانا چاہیے۔‘‘ وہیں پرویش ورما نے عآپ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’’انہوں نے مجھے غدار کہا اور جاٹوں کی توہین کی۔ دہلی میں پہلی بار جاٹ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر صاحب سنگھ کو بی جے پی نے ہی بنایا تھا۔‘‘ ساتھ ہی پرویش ورما نے کہا کہ کیجریوال نئی دہلی کی اپنی سیٹ کی ہار کی وجہ سے جاٹ کو ریزرویشن دینے کا ناٹک کر رہے ہیں۔ اروند کیجریوال جی جاٹ سماج آپ کی سیاسی چالوں کو بخوبی سمجھ چکی ہے۔ اب نئی دہلی سیٹ چھوڑ کر بھاگ مت جانا۔ اس بار جاٹ کے جال میں پھنس چکے ہو پوری نئی دہلی کی کی 36 برادری آپ کی ضمانت ضبط کرانے کے لیے تیار ہے۔ اور ہاں، ہر بار جاٹ کو ریزرویشن بی جے پی نے ہی دیا ہے۔ تاریخ کے اوراق اٹھا کر دیکھ لو۔