نئی دہلی29جنوری:’’کیجریوال بالکل نریندر مودی کی طرح کام کرتے ہیں۔ جیسے نریندر مودی جھوٹے بیان دیتے ہیں، ہر جگہ جھوٹ بولتے ہیں، کیجریوال بھی ویسا ہی کرتے ہیں۔ کیجریوال نے 5 سال پہلے کہا تھا میں جمنا میں غسل کروں گا، جمنا جی کا پانی پیوں گا، لیکن آج تک انھوں نے جمنا جی کا پانی نہیں پیا۔ آپ سبھی کو گندا پانی پینا پڑتا ہے، لیکن کیجریوال شیش محل میں رہتے ہیں، صاف پانی پیتے ہیں اور جھوٹے بیان دیتے ہیں۔‘‘ یہ تبصرہ راہل گاندھی نے آج دہلی کے بوانا اسمبلی حلقہ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر کے دوران کیجریوال اور عآپ حکومت کو آئینہ دکھاتے ہوئے ان کے دورِ حکومت کی ناکامیاں سامنے رکھیں۔ راہل گاندھی بوانا اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار سریندر کمار کی حمایت میں انتخابی ریلی کرنے بوانا پہنچے تھے۔
یہاں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے پی ایم مودی کے ساتھ ساتھ دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں کیجریوال جی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ ریزرویشن کو 50 فیصد سے زیادہ کرنا چاہتے ہیں یا نہیں؟ لیکن میں گارنٹی دیتا ہوں، کیجریوال جی ایسا کبھی نہیں کہیں گے۔ کیونکہ اروند کیجریوال اور نریندر مودی ریزرویشن کے خلاف ہیں۔ جب بی جے پی کے لوگوں نے اقلیتوں کے خلاف تشدد کی تب کیجریوال جی کہاں تھے؟‘‘ انھوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے پوچھا کہ ’’کیا کیجریوال جی آپ کے لیے لڑے؟ کیا کیجریوال جی آپ کے ساتھ کھڑے رہے؟ سچائی یہی ہے کہ کیجریوال دلتوں، اقلیتوں اور غریبوں کے خلاف ہیں۔