نئی دہلی 2دسمبر:دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو کی قیادت میں ’دہلی نیائے یاترا‘ جاری ہے۔ آج بھی اس یاترا کو لوگوں کی زبردست حمایت حاصل ہوئی اور دیویندر یادو نے لوگوں کا اس کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔ اس دوران انھوں نے اروند کیجریوال اور عآپ حکومت کو حسب سابق پُرزور انداز میں ہدف تنقید بھی بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’لوگوں کو دھوکہ دے کر اور گمراہی پھیلا کر برسراقتدار ہوئے کیجریوال کو اب شکست کا خوف ستانے لگا ہے۔ عآپ پر کانگریس کی دہلی نیائے یاترا کا اثر دکھائی دے رہا ہے اور 2025 میں شکست کے خوف سے عآپ کے بڑے بڑے لیڈران اپنی اسمبلی سیٹ بدل کر محفوظ سیٹوں کی تلاش کر رہے ہیں۔ کیجریوال بھی شکست کے خوف سے اپنی نئی دہلی اسمبلی سیٹ کو بدل کر انتخاب لڑنے والے ہیں۔‘‘ دیویندر یادو نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ دہلی میں 11 سالوں کی بدتر حکمرانی، بدعنوانی، غیر فعالیت اور عوام کو نظر انداز کرنا عآپ کو بھاری پڑ رہا ہے۔ کیجریوال سمیت ان کے وزراء اور اراکین اسمبلی نے اپنی مدت کار میں عوام کے مسائل پر کبھی غور نہیں کیا، اقتدار پر قابض ہونے سے قبل انتخاب میں جو وعدے کیے تھے ان کو وفا کرنے میں ناکام رہے۔ اب وہ سبھی آئندہ اسمبلی انتخاب میں شکست کے خوف سے گھبرائے ہوئے ہیں۔ دہلی میں بدلتا ماحول اتنا گرما گیا ہے کہ انتخابی اجلاس میں کیجریوال سمیت ان کے وزراء اور لیڈران کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔