شاجاپور، 5 مارچ (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ کانگریس کی حکومت آتی ہی کسانوں کو کم سے کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی گارنٹی دی جائے گی۔راہل گاندھی نے ‘بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران مدھیہ پردیش کے شاجاپور ضلع میں اپنا خطاب دیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے اقتدار میں آتے ہی کسانوں کو ایم ایس پی کی گارنٹی دی جائے گی۔ اس دوران ریاستی کانگریس صدر جیتو پٹواری بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ذات پات کی مردم شماری کا معاملہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں تقریباً 90 فیصد لوگ پسماندہ طبقات، دلت، قبائلی اور اقلیتی طبقات سے تعلق رکھتے ہیں۔ ملک کی بڑی کمپنیوں کی انتظامیہ میں اس طبقےکا ایک بھی فرد نہیں ملے گا۔ یہ سماجی ناانصافی ہے، جو ملک کے تقریباً ہر ادارے میں ہو رہی ہے۔ ذات پات کی مردم شماری سماجی ناانصافی کے خلاف ایک انقلابی قدم ہو گا۔کانگریس لیڈر مسٹرگاندھی نے نکڑ سبھا میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی چاہتے ہیں کہ آپ دن بھر موبائل دیکھو، جئے شری رام بولو اور بھوکے مر جاؤ۔یہاں ایک دلچسپ منظر دیکھنے کو ملا جب کچھ لوگوں نے راہل گاندھی کے سامنے مودی-مودی اور جئے شری رام کے نعرے لگائے۔ ان لوگوں کو دیکھ کر مسٹر راہل گاندھی گاڑی سے نیچے اترے اور ان سے ملنے چلے گئے۔ اس دوران کچھ لوگوں نے مسٹر گاندھی کو آلو دینے کی کوشش کی تو مسٹر گاندھی نے وہ آلو ان سے لے کر ان کا شکریہ ادا کیا۔بی جے پی حکومتوں پر پیپر لیک ہونے کا الزام لگاتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ غریبوں کے بچے کئی سال تک محنت سے پڑھتے ہیں، لیکن جیسے ہی وہ امتحان کے سنٹرپر پیپر دینے جاتے ہیں، امیروں کے بچوں کے موبائل میں پہلے سے ہی پیپر آجاتے ہیں۔ امتحان کا پرچہ لیک ہو جاتا ہے۔
راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا 6 مارچ کو بڑنگر میں روڈ شو کے ساتھ شروع ہوگی۔ریاستی کانگریس میڈیا ڈپارٹمنٹ کے صدر کے۔کے مشرا نے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی صبح 11.30 بجے بدناور میں ریاستی کانگریس صدر جیتو پٹواری اور کانگریس کے سینئر لیڈروں کے ذریعہ منعقدہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ مسٹر گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے لنچ کے بعد رتلام اور سیلانا میں سہ پہر 3 بجے ایک عام میٹنگ اور روڈ شو ہوگا۔ اسی دن یاترا مدھیہ پردیش سے راجستھان میں داخل ہوگی۔