نئی دہلی، 18 مارچ (یو این آئی) کانگریس کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ منگل کی صبح ہوگی، جس میں پارٹی کے لوک سبھا انتخابی منشور کو منظوری دینے کے ساتھ ساتھ دیگر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ یہ جانکاری دیتے ہوئے کانگریس ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ صبح 10 بجے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں شروع ہوگی، جس میں ورکنگ کمیٹی کے تمام ارکان کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں منشور کے فارمیٹ کو تبادلہ خیال کے بعد منظوری دینے کے ساتھ ساتھ پارٹی امیدواروں کے نام کا فیصلہ کرنے اور انتخابی مہم کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ کمیٹی نے پہلے ہی منشور کا مسودہ پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کو پیش کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے اب تک 82 امیدواروں کے نام کا اعلان کیا ہے۔