کانگریس نے 2025 کے اسمبلی انتخابات کے لئے کمر کس لی 8 نومبر سے نکالے گی ’دہلی نیائے یاترا‘

0
4

نئی دہلی 28اکتوبر:کانگریس کے اوپر اکثر یہ الزام لگتا رہا ہے کہ وہ ریاستی انتخاب کی تیاری عین وقت پر کرتی ہے لیکن دہلی کانگریس نے اس الزام کی نفی کرتے ہوئے 2025 میں ہونے والے دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کی طرز پر مہینے بھر طویل ’دہلی نیائے یاترا‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیوندر یادو نے دہلی کانگریس ارکان کی موجودگی میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ’’نیائے یاترا 8 نومبر کو راج گھاٹ سے شروع ہوگی اور 4 دسمبر تک جاری رہے گی۔‘‘ صحافیوں سے خطاب کرنے سے پہلے ’دہلی نیائے یاترا‘ کی ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں کانگریس کے دور کی دہلی یعنی شیلا دکشت کے دور کی دہلی اور موجودہ دہلی کا موازنہ پیش کیا گیا۔ اس ویڈیوں کے ذریعہ دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت اور مرکز کی بی جے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا گیا۔ صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیوندر یادو نے کہا کہ اس نیائے یاترا کی ضرورت اس لئے پڑی کیونکہ دہلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی کی حکومت نے دہلی والوں کو ہر محاذ پر دھوکہ دیا ہے اور ان کو کسی قسم کی راحت نہیں پہنچائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا سے دہلی کو ترغیب ملی ہے کہ وہ بھی دہلی کی عوام کے پاس جائیں اور ان کے مسائل سنیں تاکہ ان کو راحت پہنچائی جا سکے۔ سابق وزیر اعلی شیلا دکشت کے او ایس ڈی اور کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے بھی اس پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ دہلی میں کانگریس نے بہت کام کیا ہے لیکن بتایا بہت کم۔ انہوں نے
کانگریس لیڈران سے کہا کہ ’’کیجریوال اور مودی حکومت نے کام بہت کم کئے لیکن تشہیر زیادہ کی، جبکہ شیلا حکومت میں کانگریس وزراء نے کام زیادہ کیا اور تشہیر کم کی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کام کی تشہیر ہونی چاہئے۔‘‘ اس دوران دہلی پردیش کانگریس کے سابق صدر انل چودھری نے عوام میں جوش بھرتے ہوئے وہاں موجود کانگریس ارکان سے نعرے لگوائے جس میں ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کی طرح ’دہلی نیائے یاترا جوڑو جوڑو‘ بلند آواز میں کہا گیا۔
تین گاڑیوں کی ٹکر سے پانچ افراد زخمی
متھرا:28اکتوبر(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع متھرا کے مہابن علاقے میں جمنا ایکسپریس وے کے سنگ میل 117 پر آج صبح تین گاڑیوں کی آپس میں ہوئی ٹکر سے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔