بھوپال، 23 مارچ (رپورٹر) کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کے لیے مدھیہ پردیش کی 12 سیٹوں کے لیے ہفتہ کی دیر رات امیدواروں کا اعلان کر دیا۔ سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ 33 سال بعد ایک بار پھر راج گڑھ سے لوک سبھا الیکشن لڑیں گے۔ وہیں رتلام لوک سبھا سیٹ سے کانتی لال بھوریا کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ گنا لوک سبھا سیٹ سمیت چھ سیٹوں کے امیدواروں کے ناموں کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
انڈین نیشنل کانگریس نے مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابات کے لیے نئے چہروں پر دائو لگایا ہے۔ بالاگھاٹ سے سمراٹ سارسوت اور جبل پور سے دنیش یادو پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ ساگر سے چندر بھوشن سنگھ گڈو راجا بندیلا کو امیدوار بنایا ہے۔ وہ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس میں شامل ہوئے تھے۔ وہ کھرئی سے الیکشن لڑنے کی تیاری کر رہے تھے لیکن انہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا۔
ریوا سے نیلم ابھے مشرا کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ نیلم سیمریا کے کانگریس ایم ایل اے ابھے مشرا کی بیوی ہیں۔ پھندی لال سنگھ مارکو شہڈول سے امیدوار ہوں گے، جو پشپراج گڑھ سے ایم ایل اے ہیں۔ وہیں ہوشنگ آباد سے تیندو کھیڑا کے سابق ایم ایل اے سنجے شرما کو میدان میں اتارا ہے۔ بھوپال سے ارون شریواستو کو بھوپال سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ وہ بھوپال ضلع دیہی کانگریس کے صدر ہیں۔ اجین کے ترانہ سے ایم ایل اے مہیش پرمار، مندسور سے سابق ایم ایل اے دلیپ سنگھ گرجر اور اندور سے اکشے بام کو امیدوار بنایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گنا لوک سبھا سیٹ کو لے کر معاملہ الجھا ہوا ہے، ریاستی کانگریس کے سابق صدر ارون یادو نے یہاں سے الیکشن لڑنے کی خواہش ظاہر کی ہے، جب کہ مقامی سطح پر ان کے نام پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہے، جس کی وجہ سے ابھی اس سیٹ کے امیدوار کو لیکر فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔ وہیں مرینا، گوالیار، دموہ، کھنڈوا اور ودیشہ کے امیدواروں کو لیکر غور و خوض جاری ہے۔
پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے دو ایم ایل اے پر داؤ لگایا ہے۔ شہڈول سے پھندے لال سنگھ مارکو اور ترانہ سے مہیش پرمار اس وقت ایم ایل اے ہیں۔ پہلی فہرست میں پھول سنگھ بریا، سدھارتھ کشواہا اور اومکار سنگھ مرکام کو ٹکٹ دیا گیا تھا۔