پٹنہ،2 جنوری (یو این آئی) کانگریس نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو کی طرف سے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلقات توڑنے اور مہا گٹھ بندھن میں دوبارہ شامل ہونے کی دعوت کی حمایت کی ہے۔اسمبلی میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر شکیل احمد خان نے جمعرات کو صحافیوں کو بتایا کہ ان کی پارٹی لالو پرساد یادو کی نتیش کمار کے مہا گٹھ بندھن میں واپسی کی تجویز کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھیائی نظریہ سے وابستہ تمام لوگوں کو آئین اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے متحد ہونا چاہیے۔مسٹر خان نے کہا’’وزیراعلیٰ نتیش کمار گاندھیائی نظریہ کے حامی ہیں، انہیں فوری طور پر گوڈسے کے نظریہ سے متاثر بی جے پی سے خود کو دور کرنا چاہیے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہاتما گاندھی کے اصولوں کو اپنانے والے تمام لوگوں کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا فطری ہے۔جب کانگریس لیڈر سے آر جے ڈی لیڈر تیجسوی پرساد یادو کی جانب سے نتیش کمار کو مہا گٹھ بندھن میں دوبارہ شامل کرنے کی مخالفت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
انہوں نے کہا’’اس موضوع پر صرف تیجسوی یادو ہی بہترین جواب دے سکتے ہیں۔ جہاں تک کانگریس کا تعلق ہے، ہم لالو جی کے خیالات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔‘‘قابل ذکر ہے کہ نتیش کمار نے 2013 میں گجرات کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کو وزیر اعظم کا امیدوار بنانے کی مخالفت میں بی جے پی چھوڑ دی تھی۔ 2015 میں انہوں نے آر جے ڈی کے ساتھ ایک اتحاد بنایا، لیکن 2017 میں، انہوں نے بی جے پی کے ساتھ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی حکومت بنائی۔ اگست 2022 میں، مسٹر کمار نے بی جے پی سے تعلقات توڑ لیے اور دوبارہ گرینڈ الائنس کا حصہ بن گئے۔ جنوری 2024 میں نتیش کمار نے ایک بار پھر سیاسی’یو ٹرن‘ لیا اور این ڈی اے میں واپس آ گئے۔