نئی دہلی 23اگست: کانگریس نے ’موڈانی مہاگھوٹالہ‘ کے خلاف آج پورے ملک میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں خاص طور سے دو مطالبات سامنے رکھے گئے۔ پہلا مطالبہ تھا سیبی چیئرپرسن مادھبی پوری بُچ کو ان کے عہدہ سے دستبردار کیا جائے، اور دوسرا موڈانی مہاگھوٹالہ کی جانچ جے پی سی سے کرائی جائے۔ کئی ریاستوں کی کانگریس یونٹ نے اس معاملے میں ای ڈی دفتر کا گھیراؤ بھی کیا اور نعرہ بازی کی۔ یہ احتجاجی مظاہرہ راجدھانی دہلی، اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، اروناچل پردیش، گوا، چھتیس گڑھ، منی پور، اڈیشہ، پنجاب، راجستھان، تمل ناڈو، تلنگانہ، اتراکھنڈ سمیت کئی دیگر ریاستوں میں بھی دیکھنے کو ملے۔ کئی ریاستوں میں پریس کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں ’موڈانی مہاگھوٹالہ‘ سے متعلق حقائق سامنے رکھے گئے۔ راجدھانی دہلی میں پردیش کانگریس کی طرف سے ’جنتر منتر‘ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینکڑوں لیڈران و کارکنان کی شرکت دیکھنے کو ملی۔