جے پور 22 دسمبر (یو این آئی) راجستھان کے شہری ترقیات اور خود حکومت کے وزیر مملکت جھبر سنگھ کھررا نے آئین ساز ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے حوالہ سے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر کانگریس کے حملے پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے بھیم راو امبیڈکر کی توہین کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اب صرف انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن عوام سب کچھ جانتے ہیں۔ مسٹر کھررا نے اتوار کو اپنے بیان میں یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں مسٹر شاہ کے بیان کے ایک چھوٹے سے حصے کو کاٹ کر لوگوں میں الجھن پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے، لیکن ملک کے عوام اس سے بخوبی واقف ہیں اور ان کے برم جال میں پھنسنے کے لیے بالکل تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہرو ہوں یا مسز اندرا گاندھی، ہر کسی نے اپنے دور میں خود کو بھارت رتن سے نوازا لیکن بابا صاحب کو عزت دینے کا خیال ان کے ذہن میں کبھی نہیں آیا۔اس کے علاوہ مسٹر جواہر لعل نہرو، مسز اندرا گاندھی اور مسٹر راجیو گاندھی کے نام پر کئی یادگاریں بنائی گئیں لیکن کانگریس نے کبھی بابا صاحب امبیڈکر کے نام پر یادگار بنانے کا سوچا تک نہیں۔