پٹنہ 26مارچ: بہار میں پپویادو کے کانگریس میں شامل ہونے اور اپنی پارٹی جن ادھیکار مورچہ کو کانگریس میں ضم کرنے سے بی جے پی بری طرح خوفزدہ ہوگئی ہے۔ یہ ہم نہیں بلکہ خود پپو یادو کہہ رہے ہیں۔ وہ اس ڈر کا نتیجہ اپنی سیکورٹی چھین لیا جانا بتا تے ہیں۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ کانگریس جوائن کرتے ہی میری سیکورٹی چھین لی گئی ہے۔ وہ میری مقبولیت سے ڈرے ہوئے ہیں ۔ انہیں میری سیکورٹی سے کھلواڑ منہگا پڑے گا۔ دہلی میں اپنی جن ادھیکار مورچہ کو کانگریس میں ضم کرنے کے بعد پورنیہ جا رہے پپو یادو نے باگ ڈوگرا ایئر پورٹ پر پہنچنے کے بعد بی جے پی اور جے ڈی یو حکومت پر اپنی سیکورٹی سے کھلواڑ کا الزام لگایا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ’ایکس‘ پر لکھا کہ مجھے ’Y‘ زمرے کی سیکورٹی حاصل ہے لیکن جیسے ہی میں کانگریس میں شامل ہوا، میری سیکورٹی کے لیے تعینات پوری پولیس فورس کو واپس لے لیا گیا۔ اپنی پوسٹ میں پپو یادو نے مزید لکھا ہے کہ پور نیہ سیمانچل کوسی میں مجھے مل رہے عوامی تعاون سے بی جے پی ڈری ہوئی ہے۔
مجھے اپنی فکر نہیں ہے، پورنیہ اور ملک میں مکمل تبدیلی کے لیے سب کچھ قربان! میری سیکورٹی سے کھلواڑ بی جے پی و جے ڈی یو کو بہت بھاری پڑےگا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بیما بھارتی کے آر جے ڈی میں شامل ہونے اور لالو یادو کے ذریعے انہیں پورنیہ سیٹ سے ٹکٹ دیے جانے پر پپو یادو ناراض تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ مر جائیں گے تو بھی کانگریس نہیں چھوڑیں گے، دنیا چھوڑ دیں گے، پورنیہ نہیں چھوڑیں گے۔