کانگریس دلت مخالف، ریزرویشن مخالف پارٹی: مودی

0
1

چنڈی گڑھ، 01 اکتوبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو ہریانہ کے پلول میں بڑی جن آشیرواد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کو دلت مخالف، ریزرویشن مخالف اور جھوٹ پھیلانے والی پارٹی قرار دیا۔مسٹر مودی نے ہریانہ میں دوبارہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بننے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ہریانہ میں انتخابی مہم چل رہی ہے، لیکن جموں و کشمیر میں آج آخری مرحلے کی ووٹنگ ہو رہی ہے۔ جمہوریت کے اس تہوار میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کررہی ہے۔انہوں نے کہا میں نے ایک عام کارکن کی طرح ہریانہ کی نچلی سطح کی سیاست کو طویل عرصے سے دیکھا ہے۔ حال ہی میں مجھے ہریانہ کے مختلف علاقوں میں انتخابی مہم کے دوران لوگوں کے درمیان جانے کا موقع ملا ہے۔ آج ہر گاؤں میں بی جے پی کی لہر ہے، ہر طرف ایک ہی آواز گونج رہی ہے کہ ’’بھروسہ دل سے بی جے پی سے پھر‘‘۔ انہوں نے کہا، “ہریانہ میں ہمیشہ سے یہ رجحان رہا ہے کہ مرکز میں جو بھی اقتدار میں ہوتا ہے، ہریانہ میں بھی اس کی حکومت بنتی ہے۔ ہریانہ کی اس سرزمین نے ہمیں گیتا کا پیغام دیا ہے۔ ہریانہ نے ہمیں کام کرنا، محنت کرنا سکھایا ہے، لیکن کانگریس کا فارمولہ نہ تو کام کرنا ہے اور نہ ہی دوسروں کو کام کرنے دینا ہے۔ کانگریس کی سیاست صرف جھوٹے وعدوں تک محدود ہے جبکہ بی جے پی کی سیاست محنت اور ثابت کرنے پر مرکوز ہے۔