نئی دہلی 3جنوری: اتر پردیش کے کاسگنج میں 26 جنوری 2018 کو نکالی گئی ترنگا یاترا کے دوران چندن گپتا کے قتل کیس میں این آئی اے کی خصوصی عدالت نے 28 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ جمعرات، 2 جنوری کو عدالت نے ان تمام افراد کو مجرم قرار دیا تھا اور جمعہ 3 جنوری کو سزا کا اعلان کیا گیا۔ چندن کے والد نے 20 نامزد افراد اور دیگر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق، تمام 28 افراد کو عمر قید کی سزا دی گئی، جن میں واصف جم والا، ثاقب، ببلو، نیشو عرف ذیشان، واصف، عمران، شمشاد، ظفر، شاکر، خالد پرویز، فیضان، عمران، محمد عامر رفیع، کاسگنج جیل میں قید مناظر اور عدالت میں سرنڈر کرنے والے سلیم شامل ہیں۔ عدالت میں فیصلے کے دوران، 26 ملزمان لکھنؤ جیل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش ہوئے جبکہ ایک ملزم مناظر کاسگنج جیل سے شامل ہوا۔ ملزمان نے اس سے قبل عدالت کی قانونی حیثیت اور سماعت پر روک لگانے کی درخواست ہائی کورٹ میں دی تھی لیکن اسے مسترد کر دیا گیا۔ عدالتی فیصلے پر چندن گپتا کے والد نے کہا کہ انہیں انصاف ملا ہے اور وہ اس پر خوش ہیں۔ انہوں نے عدالت اور وکلاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ فیصلہ ان کے حق میں آیا ہے۔