چٹاگانگ، 29 اکتوبر (یو این آئی) ٹونی ڈی جارج (ناٹ آؤٹ 141) اور ٹرسٹن اسٹبس (106) کی شاندار بلے بازی کی بدولت جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن دو وکٹ پر 307 رنز بنا کر ایک بڑے اسکور کی طرف قدم بڑھا دیا ہے۔ یہاں آج جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لئے اتری ایڈن مارکرم اور ٹونی ڈی جارج کی اوپننگ جوڑی نے عمدہ آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 69 رنز جوڑے۔ 18ویں اوور میں تیج الاسلام نے ایڈن مارکرم (33) کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے ٹرسٹن اسٹبس نے ڈی جارج کا خوب ساتھ دیا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 201 رنز کی شراکت ہوئی۔ 74ویں اوور میں تیج الاسلام نے ٹرسٹن اسٹبس (106) کو آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ حاصل کی۔
اس وقت ٹیم کا اسکور 270 رنز تھا۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں پر 307 رنز بنائے تھے اور ٹونی ڈی جارج (141 ناٹ آؤٹ) اور ڈیوڈ ویڈنگھم (18 ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود تھے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام دو وکٹیں لے کر کامیاب گیندباز رہے۔