سڈنی، 9 جولائی (یو این آئی) بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے آسٹریلیا کے مایہ ناز بلے باز ڈیوڈ وارنر نے اگلے سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔وارنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ میں فرنچائز کرکٹ کھیلنا جاری رکھوں گا اور اگر منتخب ہوا تو میں چیمپئنز ٹرافی میں بھی کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے وارنر کی واپسی کے بارے میں کہا کہ یہ جانتے ہوئے کہ وہ اب بھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ کچھ اور لوگوں کو (ون ڈے میں) موقع دیا جائے۔ لیکن، آپ جانتے ہیں، ڈیوڈ دنیا میں کہیں نہ کہیں رن بناتے جا رہے ہیں۔ تو آپ کبھی نہیں جانتے کہ یہ اختتام ہے۔‘‘واضح رہے کہ وارنر نے اپنے ون ڈے کیریئر کا اختتام 45.30 کی اوسط سے 6932 رن کے ساتھ کیا جس میں 22 سنچریاں شامل تھیں اور وہ اس معاملے میں صرف رکی پونٹنگ سے پیچھے ہیں۔ وارنر نے جنوری میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لے لی تھی اور گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے کے بعد انہوں نے اسے بھی الوداع کہہ دیا تھا، اسی کے ساتھ ضرورت پڑنے پر چیمپئنز ٹرافی کے لیے دستیاب ہونے کی بات بھی کہی تھی۔ گزشتہ ماہ آسٹریلیا کے ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد ان کا بین الاقوامی کیریئر ختم ہو گیا۔