نئی دہلی، 27 ستمبر (یو این آئی) ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری آل راؤنڈر ڈوین براوو تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مینٹور بن گئے ہیں۔ براوو نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میرا دماغ اب بھی مزید کرکٹ کھیلنا چاہتا ہے لیکن میرا جسم اب اس کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔ میں خود کو ایسی پوزیشن میں نہیں رکھ سکتا جہاں میرے ساتھی، شائقین اور جن ٹیموں کی میں اس وقت نمائندگی کرتا ہوں وہ مجھ سے مایوس ہوں۔ اس لیے دل میں پتھر رکھ کر میں اس کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔‘‘ براوو نے اپنے 18 سالہ کیریئر میں ٹی-20 کرکٹ میں کئی ریکارڈ اپنے نام کیے۔ وہ آئی پی ایل، پی ایس ایل اور بگ بیش میں ٹرافی جیتنے والی ٹیموں کا حصہ تھے۔ اس کے ساتھ وہ ویسٹ انڈیز کی اس ٹیم کا بھی حصہ تھے جس نے دو بار ٹی-20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔ انہوں نے ٹی-20 کرکٹ میں 582 میچ کھیلتے ہوئے 631 وکٹیں حاصل کیں۔ براوو نے سی پی ایل میں پانچ ٹائٹل جیتے جن میں سے تین اس نے ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے لیے جیتے تھے۔ سی پی ایل میں پچھلے کچھ سیزن سے براوو نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کا کردار ادا کر رہے تھے، وہی کردار فی الحال آئی پی ایل میں سی ایس کے کے لیے مہندر سنگھ دھونی ادا کر رہے ہیں۔