رامپور:18مارچ(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع رامپور کی ایک خصوصی عدالت نے ڈونگر معاملے میں سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے سینئر لیڈر اعظم خان سمیت چار افراد کو پیر کو سزا سنائی ہے۔ اعظم کو کل سات سال کی قید اور آٹھ لاکھ روپئے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ تین دیگر ملزمین کو پانچ سال کی سزا اور دو۔ دولاکھ روپئے جرمانہ لگایا گیا ہے۔ اس معاملے میں تین ملزمین کو شواہد کی کمی میں بری کردیا گیا ہے۔ ایم پی ایم ایل اے کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج وجے کمار نے 16 مارچ کو اعظم کو مجرم قرار دیا تھا، جس میں آج انہیں قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ اعظم خان سزا سننے کے لیے سیتا پور جیل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش ہوئے۔