اروند کیجریوال کی گرفتاری کی خبر پھیلتے ہی اپوزیشن پارٹیوں نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ کئی لیڈران نے لوک سبھا انتخاب سے عین قبل ای ڈی کی کارروائی پر سوال اٹھایا ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اس معاملے میں تلخ تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پوسٹ کیا ہے کہ ’’ڈرا ہوا تاناشاہ، ایک مری ہوئی جمہوریت بنانا چاہتا ہے۔ میڈیا سمیت سبھی اداروں پر قبضہ، پارٹیوں کو توڑنا، کمپنیوں سے ہفتہ وصولی، اہم اپوزیشن پارٹی کا اکاؤنٹ فریز کرنا بھی ’اَسُری شکتی‘ (بری طاقت) کے لیے کم تھا، تو اب منتخب وزرائے اعلیٰ کی گرفتاری بھی عام بات ہو گئی۔‘‘ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے اس پوسٹ کے آخر میں راہل گاندھی نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’انڈیا اس کا منھ توڑ جواب دے گا۔‘‘