سان فرنینڈو، 23 اگست (یو این آئی) پہلی بار ویمنز کیریبین پریمیر لیگ (ڈبلیو سی پی ایل) کھیلنے جانے والی ہندوستانی بلے باز جیمیمہ روڈریگس نے کہا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ ٹی-20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے۔وہ بدھ کے روز شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں ہم وطن شیکھا پانڈے کے ساتھ ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز (ٹی کے آر) ٹیم کا حصہ ہیں۔ اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والا ٹی-20 ورلڈ کپ روڈریگس کا چوتھا ورلڈ کپ ہوگا۔روڈریگس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، “ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے میرے کچھ میچ ہیں۔ میں مسلسل کچھ نئی چیزوں کی مشق کر رہی تھی اور یہاں میں ان کو آزمانے جا رہی ہوں۔ کیونکہ پریکٹس اور میچ میں بہت فرق ہوتا ہے۔ مستقبل کی کرکٹ ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کرتی ہے۔انہوں نے کہا، “میں مختلف ٹیموں کے لئے سفر کرنا اور کھیلنا پسند کرتی ہوں۔ میں نئے لوگوں سے ملنا اور نئے کرکٹرز کو جاننا پسند کرتی ہوں۔ میں جاننا چاہتی ہوں کہ وہ مختلف حالات میں اپنے جسم اور دماغ کو کس طرح ڈھالتے ہیں اور وہ کس طرح کھیلتے ہیں۔ جب بھی آپ کرکٹ کھیلنے کے لئے میدان میں اترتے ہیں تو حالات بدل جاتے ہیں۔ ان کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے۔ یہ تیاری دباؤ کے لمحات میں بہت کارآمد ہے۔ میں اس ٹورنامنٹ کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے طور پر دیکھ رہی ہوں۔
اس کے ساتھ ہی، میری ذمہ داری ہے کہ ٹی کے آر ٹیم کو ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے میں مدد کریں۔ مجموعی طور پر، میں یہاں کھیلنے کے لئے بہت پرجوش ہوں۔