برسلز، 15 ستمبر (یو این آئی) عالمی چمپئن نیرج چوپڑا ڈائمنڈ لیگ فائنل 2024 میں مردوں کے جیولن تھرو مقابلے میں دوسرے نمبر پر رہے، وہ خطاب سے ایک سینٹی میٹر سے محروم ہوگئے۔
پیرس اولمپکس 2024 کے کانسہ کا تمغہ جیتنے والے گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے ہفتہ کو بیلجیئم کے برسلز میں ہونے والے مقابلے میں 87.87 میٹر کی کوشش کے ساتھ اپنا پہلا ڈائمنڈ لیگ ٹائٹل جیتا۔ ہندوستانی جیولن تھرو اسٹار نیرج چوپڑا ایک سینٹی میٹر کے فرق سے 87.86 میٹر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ 2023 یورپی گیمز کے چیمپئن جرمنی کے جولین ویبر 85.97 میٹر کے فاصلے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ دو بار کے اولمپک میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے 83.49 میٹر کے تھرو کے ساتھ اپنا پہلا تھرو مکمل کرتے ہوئے ایک اچھی شروعات کی۔ انہوں نے اپنی تیسری کوشش میں پیٹرز کو سے آگے نکلنے کے لیے شاندار واپسی کی، لیکن وہ ایک سینٹی میٹر سے پیچھے رہ گئے۔ ہندوستانی جیولن پھینکنے والے کھلاڑی کی اگلی تھرو 82.04 میٹر، 83.30 میٹر اور 86.46 میٹر رہی۔ نیرج چوپڑا نے پانچویں بار ڈائمنڈ لیگ کے فائنل میں حصہ لیا۔ وہ 2017 میں ساتویں، اگلے سال چوتھے نمبر پر رہے اور 2022 میں 88.44 میٹر کے تھرو کے ساتھ ڈائمنڈ لیگ کا ٹائٹل جیتا۔ پچھلے سال نیرج چوپڑا 83.80 میٹر کی کوشش کے ساتھ جیکب وڈلیچ کے پیچھے دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ اس سے پہلے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لئے نیرج نے اس سیزن میں دو ڈائمنڈ لیگ میچوں میں 14 پوائنٹس حاصل کیے ۔ چوپڑا نے مئی میں دوحہ مرحلے اور پچھلے مہینے لوزان ایونٹ دونوں میں دوسرا مقام حاصل کیا اور پوائنٹس ٹیبل میں مجموعی طور پر چوتھے نمبر پر ہے۔
مردوں کے جیولن تھرو فائنل میں کل سات ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔واضح رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستان کے ارشد ندیم نے اس سال ڈائمنڈ لیگ میں صرف ایک بار حصہ لیا اور فائنل میں جگہ نہ بنا سکے۔