دبئی، 24 دسمبر (یو این آئی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل کو اگلے سال 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری کر دیا ہے اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ 23 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آج یہاں جاری شیڈول کے مطابق ہندوستان کا پہلا میچ 20 فروری کو دبئی میں بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی میزبانی میں ہونے والا یہ ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک جاری رہے گا۔ اس میں کل 15 میچ کھیلے جائیں گے۔ شیڈول کے مطابق اگر ہندوستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو پہلا سیمی فائنل دبئی میں ہوگا۔ اسی طرح پاکستان کوالیفائی کرنے کی صورت میں دوسرا سیمی فائنل کھیلے گا۔ فائنل کے لیے لاہور کو میزبان شہر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے تاہم اگر ہندوستان فائنل میں پہنچ گیا تو میچ دبئی میں ہوگا۔ آئی سی سی کے بیان کے مطابق سیمی فائنل اور فائنل کے لیے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں ہندوستان کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان سے 23 فروری کو ہوگا۔ اور یہ میچ بھی صرف دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان کے گروپ میں بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور پاکستان جیسی مضبوط ٹیمیں شامل ہیں۔ گروپ مرحلے میں ہندوستان کا آخری مقابلہ نیوزی لینڈ کے خلاف 2 مارچ کو دبئی میں ہوگا۔ تمام میچز 3:30 بین الاقوامی وقت پر شروع ہوں گے۔