بیجاپور18جولائی: چھتیس گڑھ کی بیجاپور-سکما سرحد پر نکسلیوں نے آپریشن پر نکلے فوجیوں پر آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا۔ اس حملے میں دو فوجی شہید اور چار فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سکما بیجاپور ضلع کی سرحد پر سی آر پی ایف، کوبرا، ڈی آر جی، ایس ٹی ایف کے اہلکار نکسل مخالف آپریشن کے لیے گئے تھے۔ نکسلیوں نے تریم تھانہ علاقہ کے منڈی مارکا جنگلات میں آئی ای ڈی دھماکہ انجام دیا۔ بیجاپور کے ایس پی جتیندر کمار یادو نے بتایا کہ آئی ای ڈی دھماکے میں ایس ٹی ایف کے دو جوان شہید ہوئے، جن میں ہیڈ کانسٹیبل بھرت لال ساہو اور کانسٹیبل ستار سنگھ شامل تھے۔ اس کے علاوہ زخمی فوجی پرشوتم ناگ، کومل یادو، سیارام سوری اور سنجے کمار کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایس پی جتیندر کمار یادو نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر تین اضلاع بیجاپور، دنتے واڑہ اور سکما میں نکسل مخالف آپریشن کیا۔ اس آپریشن کے دوران نکسلیوں نے بیجاپور-سکما سرحد پر آئی ای ڈی دھماکہ کیا۔ زخمی فوجی اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت پہلے سے بہتر ہے، انہیں مزید علاج کے لیے رائے پور ریفر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکسلی آمنے سامنے لڑائی سے بچنے کے لیے گوریلا تکنیک کا سہارا لیتے ہیں۔ اس وقت سیکورٹی فورسز کی ٹیمیں نکسل متاثرہ علاقے میں چیکنگ آپریشن کر رہی ہیں۔