نئی دہلی5فروری: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کانگریس پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ چوری کرنا پارٹی کی تاریخ میں رچی ۔بسی ہوئی ہے۔ صدر دروپدی مرمو کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر راجیہ سبھا میں بحث کا جواب دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا، “چوری کرنا ان کا (کانگریس پارٹی کا) خاندانی پیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ ایک گجراتی کنیت، مہاتما گاندھی کی کنیت بھی چرائی، اور اب لوگ انہیں سبق سکھا رہے ہیں۔” وزیر اعظم نے راہل گاندھی کے ذریعہ مشہور کئے گئے “محبت کی دُکان” کے نعرے پر بھی طنز کیا اور پوچھا کس طرح کی “محبت کی دکان” ایک ساتھی شہری کی قبر کھودنے کا خواب دیکھتی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، “محبت کی دکان” چلانے کا دعویٰ کرنے والے نعرے لگا رہے ہیں، “مودی، تیری قبر کھدے گی ۔” یہ کیسی “محبت کی دکان” ہے جو ایک ساتھی شہری کی قبر کھودنے کا خواب دیکھتی ہے۔ ؟ انہوں نے آئین کے کس حصے سے اس ملک کے ایک شہری کی قبر کھودنے کی بات کرنا سیکھا ہے ؟ کیا یہ انسانیت کی توہین نہیں ہے، یہ عوامی زندگی کی توہین نہیں ہے، پھر بھی انہیں کوئی پچھتاوا نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد کانگریس ان کی قبر چاہتی تھی اور یہ مطالبہ پاکستان کے اندر حملوں کے بعد بھی برقرار رہا اور ’’آپریشن سندور‘‘ کرنے کے باوجود پارٹی ان کی قبر کھودنے کے خواب دیکھتی رہی۔ اپنی تنقید جاری رکھتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ دہائیوں سے اقتدار میں رہنے کے باوجود کانگریس، ٹی ایم سی، ڈی ایم کے، اور بائیں بازو جیسی پارٹیوں نے شہریوں کی زندگیوں میں بہتری نہیں لائی۔
انہوں نے کہا، “یہ پارٹیاں صرف اپنی جیبیں بھرنے کا کام کرتی تھیں۔ آج وہ بڑے فخر سے ڈیل کی بات کرتے ہیں، لیکن اس سے پہلے ملک انہیں بوفورس جیسے ڈیل کے لیے یاد کرتا تھا۔”









