جموں،08فروری(یو این آئی)جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے آج شیر کشمیر بھون جموں میں سنٹرل زون جموں کے ڈیلی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”چنڈی گڑھ میں گذشتہ دنوں میئر الیکشن کیساتھ جو کچھ ہوا وہ جمہوریت کے نام پر دبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں جموں وکشمیر میں بھی کچھ ایسا ہوا کرتا تھا ، جب ایک افسر ایک مخصوص پارٹی کے اُمیدوار کو چھوڑ کر باقی تمام اُمیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی رد کر تھا، مجھے ایسا لگتا تھا کہ یہ ماضی کی بات ہے اور دورِ جدید میں ایسا ممکن نہیں لیکن گزشتہ دنوں چندی گڑھ کے میئر انتخابات کے دوران ایک افسر نے بھاجپا کے اُمیدواروں کو جتانے کیلئے ووٹوں میں قلم زنی کرکے انہیں رد کردیا اور ایک ایسے اُمیدوار کو میئر بنا ڈالا جو خود بھی اس کرسی پر بیٹھنے کیلئے شرمندہ تھا۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ نے اس معاملے پر سخت ترین نوٹس لیکر اس عمل کو جمہوریت کا قتل قرار دیا ۔ “انہوں نے کہا کہ یہ وہی قاتل ہیں جو جموں وکشمیر میں مسلسل طور پر جمہوریت کا قتل کررہے ہیں، یہاں اسمبلی انتخابات کرانے میں اڑچنیں پید اکررہے ہیں ، پہلے جب ان سے اسمبلی انتخابات کے بارے میں سوال پوچھا جاتا تھا تو یہ جواب دیتے تھے کہ ریاست میں پنچایتیں ہیں، سرپنچ ہیں، پنچ ہیں، کارپوریٹر ہیں، میئر ہیں، چیئرمین ہیں لیکن اب نہیں کوئی چیئرمین ہے، نہ کوئی پنچ ، نہ کوئی سرپنچ اور نہ ہی میئر ہے۔ اب حکمرانوں سے پنچایتی اور بلدیاتی الیکشن میں دیری کی وجہ پوچھتے ہیں تو وہ اس کیلئے حدبندی وجہ قرار دیتے ہیں۔ “