بنکاک، 19 مئی (یو این آئی) ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کی ٹاپ ہندوستانی جوڑی نے اتوار کو چین کی چن بو یانگ اور لیو یی کی جوڑی کو فائنل میچ میں شکست دے کر تھائی لینڈ اوپن کا مینزڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑیوں نے 46 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں چینی جوڑی کو 21-15، 21-15 سے شکست دے کر 2024 کے بیڈمنٹن سیزن کا اپنا دوسرا خطاب اپنے نام کیا۔ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور شروع میں 4-1 کی برتری حاصل کی۔ اس کے بعد یانگ اور یی کی جوڑی نے بھی جوابی حملہ کیا اور پہلے ہاف کے وقت تک 11-10 کی برتری حاصل کر لی۔بریک کے بعد عالمی بیڈمنٹن رینکنگ کی سیڈ یافتہ ساتوک اور چراغ کی ہندوستانی جوڑی نے شاندار واپسی کی اور چینی جوڑی کو غلطیاں کرنے پر مجبور کردیا۔ ہندوستانی جوڑی نے اپنی لے دوبارہ حاصل کرتے ہوئے 19-15 کی برتری حاصل کی۔ اس کے بعد ہندوستانی جوڑی نے دو پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے پہلا گیم 21-15 سے جیت لیا۔دوسرے گیم میں چینی کھلاڑیوں نے ایک بار پھر دو پوائنٹس لے کر ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑیوں کی برابری کرلی۔ اس کے بعد ہندوستانی جوڑی نے تیز طرار اسمیش کے ذریعہ چینی کھلاڑیوں کو بیک فٹ پر دھکیل دیا اور وقفہ تک 11-6 کی برتری حاصل کرلی۔ وقفے کے بعد پراعتماد ہندوستانی جوڑی نے کورٹ پر 19-15 کی برتری کے ساتھ کھیل کا کنٹرول سنبھالا اور پھر لگاتار دو مزید پوائنٹس حاصل کرکے فتح پر مہر ثبت کردی۔ چراغ اور ساتوک کے لیے یہ 2024 بیڈمنٹن سیزن کا دوسرا ٹائٹل تھا اور تھائی لینڈ اوپن کا بھی دوسرا ٹائٹل تھا۔ مارچ میں فرنچ اوپن جیتنے سے پہلے، چراغ اور ساتوک اس سال کے شروع میں ملائیشیا اوپن اور انڈیا اوپن کے فائنل میں ہار گئے تھے۔ساتوک سائراج رنکیریڈی نے خطاب جیتنے کے بعد کہا، “تھائی لینڈ اوپن ہمارے لئے ایک خاص ٹورنامنٹ رہا ہے کیونکہ ہم نے یہاں اپنا پہلا سپر 500 ٹائٹل بھی جیتا تھا اور اس کے بعد کئی اور ٹورنامنٹ جیتے ہیں۔ ہم امید کر رہے ہیں کہ یہ جیت ہمارے لیے ایک اور جیت کی مہم کا آغاز کرے گی۔اس ٹورنامنٹ سے 9200 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ، ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑیوں کو اگلے ہفتے عالمی نمبر 1 رینک حاصل کرنے کی امید ہے۔ ساتوک اور چراغ کا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور پر یہ آٹھواں ٹائٹل تھا۔