بھوپال، 11 مارچ (رپورٹر) ملک عزیز ہندوستان کے دیگر حصوں کے ساتھ ہی مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں بھی آج شام ماہ مبارک کی رویت ہونے کے بعد رمضان کی رونقیں بکھر گئیں۔ نماز مغرب میں جہاں مساجد میں مصلیان کی تعداد بڑھی وہیں بعد نماز عشاء تراویح کی نماز میں تقریباً تمام ہی مساجد مصلیان سے پر تھیں۔ ایک اندازے کے مطابق شہر میں ساڑھے چار سو مساجد کے علاوہ بڑی تعداد میں گھروں میں بھی تراویح کی نماز باجماعت شروع ہوئی اور پورے انہماک کے ساتھ تلاوت کلام پاک کی سماعت کی گئی۔ شہر بالخصوص مسلم اکثریتی پرانے شہر کے تمام ہی علاقوں میں سفید پوش اور ٹوپی بردار مسلمانوں کی آمد و رفت سے یہ محسوس ہونے لگا تھا کہ رمضان المبارک کا آغاز ہو گیا ہے۔
معلوم ہو کہ شہر میں یوں تو 29 شعبان سے ہی رمضان کی تیاریاں شروع ہوگئی تھیں اور لوگ بے صبری سے رمضان کے چاند کے منتظر تھے۔ آج نماز مغرب کے وقت رمضان کا چاند نظر آتے ہی اہل اسلام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ہر کوئی بارگاہ الٰہی میں شکرگزار ہوا کہ اسے اللہ نے رمضان نصیب فرمایا۔ رمضان کی آمد کو لیکر آج شہر کے بازاروں میں بھی عام دنوں کے مقابلے دوپہر سے ہی چہل پہل بڑھی ہوئی تھی اور اہل اسلام نے چاند نظر آتے ہی جہاں دیگر ضروری اشیاء کی خریداری کی وہیں سحری کے لئے بھی فینی، شیرمال وغیرہ کی جم کر خریداری کی گئی۔ بازاروںمیں خواتین بھی اپنے حساب سے خریداری کرنے کے لئے پہنچیں۔ شہر میں رمضان کے تعلق سے بڑی چہل پہل کے سبب پرانے شہر کے بہت سے راستوں پر جام کی صورت حال بھی پیدا ہوئی۔
قبل ازیں بعد مغرب موتی مسجد میں رمضان کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ عام رویت ہونے اور دیگر مقامات سے بھی شہادتیں ملنے پر شہر قاضی مولانا سید مشتاق علی صاحب ندوی نے رمضان کا چاند نظر آنے کا اعلان فرمایا۔ قاضی صاحب نے کہا رمضان کا چاند نظر آگیا ہے اور کل بروز اتوار یکم رمضان 1445 ہجری کے ساتھ ہی پہلا روزہ ہوگا۔ میٹنگ میں مفتی شہر محمد ابوالکلام قاسمی، نائب شہر قاضی سید بابر حسین ندوی، نائب مفتی شہر جسیم داد خان جامعی، نائب شہر قاضی محمد شرافت رحمانی، نائب شہر قاضی علی قدر حسینی ندوی، مولانا سید شرافت علی ندوی، مولانا عبدالحفظ خان اور مولانا یعقوب خان جامعی وغیرہ موجود تھے جبکہ چاند دیکھنے کے لئے بڑی تعداد میں فرزندان توحید پہنچے تھے۔
انہوںنے اس موقع پر اپنے پیغام میں تمام ہی اہل ایمان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کا انعام ہوا کہ اس نے ہمیں صحت و عافیت کے ساتھ رمضان کا مہینہ نصیب فرمایا ہے تو اب ہمارے لئے لازم ہے کہ ہم پورے ماہ خوب عبادات، ذکر و تلاوت اور روزہ رکھ کر گزاریں۔ فالتو چیزوں میں قیمتی وقت ضائع نہ کریں اور کسی بھی طرح کی افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ کوئی بات ہو تو ہم سے رجوع ہوں۔قاضی جناب علی نے دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ اس رمضان کو امت مسلمہ اور پوری انسانیت کے لئے باعث رحمت و برکت بنائے۔ قاضی صاحب خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ پورے ماہ مبارک روزہ و تراویح کا پابندی سے اہتمام کریں۔ دعاؤں کا خوب خوب اہتمام کریںاور جو لوگ سحر کے بعد نماز فجر کے بعد روڈ پر ٹہلتے ہیں اس سے احتیاط کریں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو رمضان المبارک پورے احترام کے ساتھ گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔