پی وی سندھو ملیشیا ماسٹرز کے کوارٹر فائنل میں، اشمیتا چالیہا کو بھی ملی جیت

0
20

کوالالمپور، 23 مئی (یو این آئی) دو بار کی اولمپک چمپئن پی وی سندھو جمعرات کو ملیشیا ماسٹرز 2024 بیڈمنٹن خواتین کے سنگلز مقابلے کے راؤنڈ آف 16 کے میچ میں کوریا کی یو جن سم کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔اس بی ڈبلیو ایف سپر 500 مقابلے میں پانچویں سیڈ یافتہ سندھو نے 59 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں یو جن سم کو 21-13، 12-21، 21-14 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔بیڈمنٹن کی عالمی رینکنگ میں 15ویں نمبرپر قابض ہندوستانی خاتون کھلاڑی اور یو جن کے درمیان پہلے گیم کے آغاز میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا اور اسکور 10-10 سے برابری پر چل رہاتھا۔ جلد ہی سندھو نے جوابی حملہ کرتے ہوئے گیم میں اپنا دبدبہ بنایا اورلگاتار 10 پوائنٹس حاصل کرکے اپنے حریف پر دباؤ بطناتے ہوئے پہلا گیم 21-13 سے جیت لیا۔دوسرے گیم کے آغاز میں بھی دونوں شٹلرز کے درمیان ایک بار پھر ٹکر دیکھنے کو ملی اور ایک وقت تو اسکور 8-8 سے برابر تھا لیکن یہاں سے کورین شٹلر نے کچھ شاندار شاٹس کھیلتے ہوئے مقابلے میں اپنی گرفت مضبوط کرنی شروع کی۔ اسکور کو 18-12سے اپنے حق میں کرنے کے بعد یو جن سم نے 21-12 سے دوسرا گیم جیت لیا اور اب میچ تیسرے اور فیصلہ کن گیم میں چلا گیا۔تیسرے گیم کا آغاز ہندوستانی شٹلر کے لیے اچھا نہیں تھا اور کورین شٹلر نے 4-1 کی برتری حاصل کرلی۔ یہاں سے سندھو نے گیم میں واپسی کرتے ہوئے لگاتار 5 پوائنٹ بنائے اور ایک موقع پر اسکور 8-8 سے برابری پر آگیا۔سندھو نے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اسکور کو 18-14 تک کم کرنے کے بعد 21-14 سے گیم اپنے نام کرلیا۔اس طرح پی وی سندھو نے یہ میچ جیت کر کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔ سندھو نے اس میچ کے دوران 4 گیم پوائنٹس حاصل کرکے کل 54 پوائنٹس حاصل کیے۔سندھو کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں چین کی ہان یو سے ہوگا۔