کوالالمپور، 25 مئی (یو این آئی) ہندوستان کی بیڈمنٹن اسٹار اور سابق عالمی چمپئن پی وی سندھو ہفتہ کو تھائی لینڈ کی بوسانن اونگ بامرنگفان کو شکست دے کر ملیشیا ماسٹرز 2024 بیڈمنٹن خواتین کے سنگلز مقابلے کے فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔آج یہاں ایسیاٹا ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں پی وی سندھو نے سیمی فائنل میں بوسانن اونگبامرنگفان کو 13-21، 21-16، 21-12 سے شکست دی۔ پانچویں سیڈ سندھو نے پہلا گیم ہارنے کے بعد تھائی کھلاڑی کو سخت ٹکر دی اور ایک گھنٹہ 28 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں جیت درج کی۔دو بار کی اولمپک میڈلسٹ سندھو نے شروع میں آٹھ پوائنٹس تک مسلسل پوائنٹس کا تبادلہ کیا۔ اس کے بعد تھائی کھلاڑی مومینٹم بناتے ہوئے کئی پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ 10-9 کے اسکور کے بعد بوسانن نے لگاتار پانچ پوائنٹس لیے۔ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی نے واپسی کی کوشش کی لیکن بوسانن اونگبامرنگفان نے پہلا گیم 21-13 سے جیت لیا۔
سندھو نے دوسرے گیم میں مضبوط شروعات کی اور ایک موقع پر 11-9 کی برتری حاصل کی۔ تھائی لینڈ کی کھلاڑی نے جلد ہی واپسی کی لیکن سندھو نےلگاتار دباؤ برقرار رکھتے ہوئے گیم کو 21-16 سے جیت لیا۔فائنل اور فیصلہ کن گیم میں 28 سالہ سندھو نے شروع سے ہی اپنا دبدبہ برقرار رکھا۔
ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی نے اپنی لے برقرار رکھتے ہوئے گیم 21-12 سے جیت لیا اور ملیشیا ماسٹرز 2024 بیڈمنٹن کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔سندھو کا مقابلہ فائنل میں چین کی چھٹی سیڈ وانگ یی مان اور دوسری سیڈ وانگ ژی یی کے درمیان دوسرے سیمی فائنل میچ کے فاتح سے ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ سندھو نے وانگ جی یی کو شکست دے کر سنگاپور اوپن 2022 میں اپنا آخری بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور ٹائٹل جیتا تھا۔