پیرس، 29 جولائی (یو این آئی) پیرس اولمپک گیمز کے پول بی میں ہندوستان اور ارجنٹینا کے درمیان پیر کو کھیلا گیا مردوں کا ہاکی میچ 1-1 کی برابری پر ختم ہوا۔ یہ میچ یویس۔ڈو۔منوئر اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے میچ کے 59ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر شاندار گول کر کے ٹیم کو برابری دلائی۔ ارجنٹائن نے 22ویں منٹ میں ہی گول کر کے میچ میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ کھیل کا پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
تاہم ہندوستانی ٹیم نے کھیل کے پہلے 15 منٹ میں شاندار کھیل پیش کیا اور 10ویں منٹ میں پہلا پنالٹی کارنر حاصل کیا۔ ہندوستانی کھلاڑی ابھیشیک نے اسے گول میں تبدیل کرنے کی کوشش کی لیکن گیند کراس بار سے ٹکرا گئی۔
ہندوستانی ٹیم اپنا اگلا میچ منگل کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ پہلے میچ میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 3-2 کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔