پیرس، 01 اگست (یو این آئی) ہندوستانی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیا سین نے پیرس اولمپکس میں جمعرات کو مردوں کے سنگلز پری کوارٹر بیڈمنٹن میچ میں ہم وطن ایچ ایس پرنئے کو شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ جبکہ ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی مردوں کے ڈبلز کوارٹر فائنل میچ میں ملائیشیا کے آرون چیا اور سوہ ووئی یک سے شکست کھا کر باہر ہوگئی۔ لکشیا نے لا چیپل ایرینا میں 39 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں پرنئے کو 21-12، 21-6 سے شکست دی۔ دو بار کے یوتھ اولمپک میڈلسٹ لکشیا کا مقابلہ جمعہ کو کوارٹر فائنل میں چائنیز تائپے کے 12 ویں سیڈ چو ٹیئن چن سے ہوگا۔
اس سے قبل 22 سالہ لکشیا نے گروپ ایل میں جوناتھن کرسٹی اور جولین کیراگی کو شکست دی تھی۔ 28 سالہ پرنئے گروپ کے میں فیبین روتھ اور لی ڈک فاٹ کو شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں پہنچے تھے۔ دونوں ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی گروپ فاتح کے طور پر پری کوارٹر فائنل میں پہنچے تھے۔ بیڈمنٹن رینکنگ میں تیسرے نمبر پر قابض اور ٹوکیو 2020 کے کانسہ کا تمغہ جیتنے والی چیا سوہ نے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کو 21-13، 14-21، 16-21 سے شکست دی۔ ہندوستانی جوڑی پہلے سیٹ میں حاوی رہی۔ تاہم چیا سوہ نے واپسی کرتے ہوئے دوسرا سیٹ آسانی سے جیت لیا۔ فیصلہ کن تیسرے سیٹ میں ملائیشیائی جوڑی نے اپنا حوصلہ برقرار رکھا اور ساتوک-چراغ کے خلاف چار میچوں میں پہلی بار اپنے کیریئر کی نویں جیت درج کی۔ پچھلے سال ایشین گیمز کے خطاب کی راہ پر ساتوک-چراغ نے سیمی فائنل میں چیا سوہ کو شکست دی تھی۔ چیا سو کا سیمی فائنل میں مقابلہ چین کی ٹاپ سیڈ جوڑی لیانگ وی کینگ اور وانگ چانگ سے ہوگا۔