پیرس، 03 اگست (یو این آئی) ہندوستان کی اسٹار خاتون آرچر دیپیکا کماری ہفتہ کو پیرس اولمپکس 2024 میں خواتین کے ریکرو کے کوارٹر فائنل میچ میں جنوبی کوریا کی نوجوان تیر اندازی نام سوہیون کے ہاتھوں 6-4 سے ہار کر مقابلے سے باہر ہوگئیں۔سابق عالمی نمبر ایک دیپیکا کماری کو خواتین کے انفرادی کوارٹر فائنل تیر اندازی میچ میں جنوبی کوریا کی 19 سالہ نم سوہیون نے 6-4 سے شکست دی۔ سوہیون آج مقابلے میں تیسری جنوبی کوریائی سیمی فائنلسٹ بن گئیں، جب کہ ہندوستانی تیر انداز دیپیکا کماری مقابلے سے باہر ہوگئیں۔ تین سیٹوں کے بعد 4-2 سے برتری حاصل کر کے چار بار کی اولمپین دیپکا کو آخری چار میں جگہ بنانا تھی۔ تاہم چوتھے سیٹ میں سات پوائنٹس کے ہدف کی وجہ سے انہیں اپنی برتری کھونی پڑی۔ فائنل سیٹ میں نم سوہیون نے ہندوستانی آرچر کو 29-27 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ اس نتیجے کے ساتھ ہی پیرس 2024 میں ہندوستان کی تیر اندازی مہم بھی ختم ہوگئی۔اس سے قبل دیپیکا نے راؤنڈ 16 کے تیر اندازی میچ میں جرمنی کی مشیل کروپین کو 6-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ دوسری جانب بھجن کور کی مہم پری کوارٹر فائنل میچ میں شکست کے ساتھ ختم ہوگئی۔ انڈونیشیا کی دیانندا کوائرونیسا نے بھجن کور کو 6-5 سے شکست دی۔ کوائرونیسا نے خواتین کے ریکرو انفرادی 1/8 ایلیمینیشن راؤنڈ میں بھجن کور کو شکست دی۔