نئی دہلی، 20 اگست (یو این آئی) سموآ کے بلے باز ڈیریوس ویسے نے وانواتو کے خلاف ٹی-20 ورلڈ کپ ایسٹ ایشیا پیسیفک ریجن کوالیفائر میچ میں اب تک تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے ایک ہی اوور میں چھ چھکوں کے ساتھ ٹیم کے کھاتہ میں 39 جوڑنے کا شاندار کارنامہ انجام دیا ، اس اوور میں تین نو گیندوں کی وجہ سے یہ ٹی-20 کی تاریخ میں ایک اوور میں بنائے گئے سب سے زیادہ رن ہیں۔
یہ کارنامہ ساموا کی اننگز کے 15ویں اوور میں ہوا۔ جب نالن نپیکو نے اوور شروع کیا تو ویسے نے ڈیپ مڈ وکٹ پر ان کی پہلی تین گیندوں پرمسلسل چھکے لگائے۔ اس کے فوراً بعد نپیکو نے فرنٹ فٹ نو بال کی اور فری ہٹ پر ویس نے لیگ سائیڈ پر چھکا لگایا۔ تاہم، اس کی اگلی گیند خالی رہی اور گیند نان اسٹرائیکر کے آخر میں اسٹمپ سے ٹکرا گئی۔ نپیکو نے ایک بار پھر اوور اسٹیپ کیا اور اگلی ہی گیند پر انہوں نے اونچائی کی نو بال پھینکی جسے ویس نے فائن لیگ پر پل کرکے باؤنڈری لائن کراس کر دی۔ اوور کی آخری گیند آف اسٹمپ کے باہر کم فل ٹاس تھی جس پر ویز نے اسکوائر لیگ پر چھکا لگایا۔
اس کے علاوہ ویس نے اس میچ میں کئی ریکارڈ توٹے۔ ویسے ٹی 20 میں سنچری بنانے والے پہلے سموا بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 14 چھکے لگائے جو کسی بلے باز کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے۔ ٹیم کی طرف سے بنائے گئے کل ملاکر 174 رن میں سے ویسے کے 132 رن تھے جو کہ کسی بلے باز کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی اننگز میں ٹیم کے رن کے مقابلے میں سب سے زیادہ رن ہیں۔ ویسے نے سموا کے کل رن کے 75.86 فیصد رن بنائے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ایرون فنچ (75.1 فیصد) کے نام تھا۔ اس کے ساتھ ہی ویسے نے اس فارمیٹ میں پانچ مرتبہ ایک اوور میں بنائے گئے 36 رن کے اعداد و شمار کو پیچھے چھوڑ دیا۔
سموا نے یہ میچ 10 رن سے جیتا اور ویسے نے بولنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ بھی حاصل کی۔ قابل ذکر ہے کہ اگر ہم ایک ہی اوور میں چھ چھکے لگانے کی بات کریں تو یہ کارنامہ پہلے بھی پانچ مرتبہ انجام دیا جاچکا ہے۔ سال 2007 میں ہندوستان کے یوراج سنگھ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بلے باز تھے جنہوں نے انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ کے ایک اوور میں چھ چھکے لگائے تھے۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ نے 2021 میں سری لنکا کے خلاف ایک ہی اوور میں چھ چھکے لگائے تھے اور نیپال کے دیپندر سنگھ ایری نے بھی 2024 میں ایک ہی اوور میں چھ چھکے لگائے تھے۔
دیگر دو مواقع پر ایک اوور میں چھ چھکے نہیں لگے لیکن اضافی گیندوں کی مدد سے ٹیم کے اسکور میں ایک اوور میں 36 رن کا اضافہ ہوا تھا۔ یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کی اننگز میں نکولس پورن کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں افغانستان کے خلاف بیٹنگ کے دوران بنایا گیا تھا۔ یہ کارنامہ افغانستان کے خلاف ہندوستانی کپتان روہت شرما اور رنکو سنگھ نے 2024 میں ہی ایک ساتھ انجام دیا تھا۔