موہالی:11جنور:(یو این آئی)بھارت نے افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے افغانستان کے خلاف اپنے ناقابل شکست ریکارڈ کو جاری رکھا ہے۔ یہ T20 میں افغانستان کے خلاف ہندوستان کی 5ویں جیت ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 سے آگے ہوگئی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ 14 جنوری کو اندور میں کھیلا جائے گا۔جمعرات کو موہالی میں ٹیم انڈیا نے ٹاس جیت کر گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 158 رنز بنائے۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے ہدف 17.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔شیوم دوبے نے ناقابل شکست 60 رنز بنائے جبکہ جیتیش شرما نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔ اوپنر شبھمن گل نے 23 اور تلک ورما نے 26 رنز کا تعاون دیا۔ بولنگ میں مکیش کمار اور اکشر پٹیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں محمد نبی کی 42 رن کی شاندار اننگز، عظمت اللہ عمرزئی کے 29 رن، کپتان ابراہیم زدران کے 25 رن اور رحمن اللہ گرباز کے 23 رن کی بدولت افغانستان نے جمعرات کے روز پہلے ٹی- ٹوئنٹی میچ میں پانچ وکٹ پر 158 رنز بنائے۔ ہندوستان نے آج یہاں افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کی جانب سے بیٹنگ کے لیے آنے والے رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران کی سلامی جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت قائم کی۔ اکشر پٹیل نے رحمن اللہ گرباز کو آٹھویں اوور میں وکٹ کیپر جیتیش شرما کے ہاتھوں کیچ کرا کے اس شراکت کو توڑا۔ گرباز نے 28 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنائے۔ اس کے بعد شیوم دوبے نے ابراہیم زدران کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو دوسری کامیابی دلائی۔ زدران نے 22 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز بنائے۔ 10ویں اوور میں اکشر پٹیل نے رحمت شاہ کو تین رن پر بولڈ کر کے پویلین بھیج دیا۔ مکیش نے عمرزئی کو 29 رن پر بولڈ کر کے افغانستان کو چوتھا جھٹکا دیا۔ 18ویں اوور میں مکیش نے محمد نبی کو 42 رن پر رنکو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا یا۔