مظفرنگر25جولائی: ساون کے مہینے میں کانوڑ یاترا جاری ہے اور یاترا کر رہے عقیدت مندوں کی طرف سے ہنگامہ آرائی کی خبریں مسلسل منظر عام پر آ رہی ہیں۔ اتر پردیش کے مظفر نگر میں ایک بار پھر کانوڑ یاتریوں نے توڑ پھوڑ اور لوگوں کے ساتھ مار پیٹ کی۔ رپورٹ کے مطابق مظفر نگر میں دہلی-دہرادون قومی شاہراہ 58 پر منصور پور تھانہ علاقے میں ایک پٹرول پمپ پر ہنگامہ آرائی کی گئی۔رپورٹ کے مطابق آم کی گٹھلی پھینکنے سے منع کیا تو کانوڑ یاتری مشتعل ہو گئے اور پٹرول پمپ کے دفتر میں گھس گئے اور توڑ پھوڑ کی۔ اتنا ہی نہیں وہاں موجود پمپ کے ملازمین کو بھی لاٹھیوں سے شدید طور پر زدوکوب کیا گیا۔ زخمی ملازمین کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ہنگامہ آرائی کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو رہی ہیں۔ اس واقعہ پر سی او کھتولی راماشیش یادو نے بتایا کہ بدھ 24 جولائی کو شام تقریباً 4 بجے کچھ کانوڑ یاتریوں نے منصور پور علاقے کے بیگراج پور میں ایک پٹرول پمپ پر قیام کیا تھا۔ دریں اثنا، کانوڑ یاتریوں نے آم کھائے اور گٹھلیاں وہیں پھینک دیں۔ جب پٹرول پمپ ملازمین نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا کیا تو ان کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا۔
س کے بعد مشتعل کانوڑیوں نے توڑ پھوڑ کرتے ہوئے تشدد برپا کر دیا۔