بھوپال، 19 فروری: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ محکمہ صحت، طبی تعلیم، آیوش اداروں اور پرائیویٹ اسپتالوں کو باہمی طور مربوط کرکے ریاست کے تمام اضلاع اور ترقیاتی بلاکوں میں بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک روڈ میپ تیار کیا جائے۔ ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی آسامیاں پر کرنے کے لیے بھی ایکشن پلان بنایا جائے۔ میڈیکل کالجوں اور آیورویدک کالجوں کو بھی ریاست کی صحت کے انڈیکس کو بہتر بنانے کے اہداف دیئے جائیں۔ ان اداروں کو ان علاقوں کے ہیلتھ انڈیکس کو بہتر بنانے کی کوششوں میں شامل کیا جانا چاہیے جہاں پرائیویٹ ادارے اپنے کالج قائم کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ریاست کے تمام 29 لوک سبھا حلقوں میں ایک میڈیکل کالج تیار کیا جائے اور وقت کے ساتھ ساتھ ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج شروع کیا جائے گا۔ ریاست میں صحت کا ایک مثالی نظام قائم کرکے ہم ملک میں بہترین مثال قائم کریں گے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو منترالیہ میں صحت عامہ اور خاندانی بہبود اور طبی تعلیم کے محکمہ کی میٹنگ میں خطاب کر رہے تھے۔
نائب وزیر اعلیٰ راجیندر شکل، وزیر صحت عامہ اور خاندانی بہبود شریمتی نریندر شیواجی پٹیل، چیف سکریٹری شریمتی ویرا رانا، ایڈیشنل چیف سکریٹری صحت محمد سلیمان اور دیگر سینئر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔ اجلاس میں صحت عامہ اور فیملی ویلفیئر اور میڈیکل ایجوکیشن کے تحت جاری سرگرمیوں اور آنے والے منصوبوں کے بارے میں پرزنٹیشن دیاگیا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے عوام کو فراہم کی جا رہی سہولیات ضرورت مندوں کو بلا تاخیر فراہم کی جائیں۔ ضلع اسپتال سے لے کر پرائمری صحت مراکزتک نظام میں بگاڑ پیدا نہیں ہو اس پر نظر رکھنا ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے صحت اداروں کے معائنے کے لیے فلائنگ اسکواڈ بنانے کی ضرورت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بزرگ افراد یا ہنگامی حالات میں تنہا رہنے والوں کو صحت سہولیات فراہم کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے ڈویزن اور ضلع سطح کے سرکاری اسپتالوںمیں کیتھ لیب قائم کی ضرورت بتائی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں فوت ہوجانے کی صورت میں لاشیں پہنچانے کیلئے ایمبولینس کے انتظامات کیے جائیں۔ ضرورت پڑنے پر ریڈ کراس، پیشنٹ ویلفیئر کمیٹی یا سول سرجن متعلقہ لواحقین کو مفت ایمبو لینس فراہم کروائیں۔