ماسکو10دسمبر : وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے وزیر اعظم مودی کی جانب سے صدر پوتن کو تہنیتی مبارکباد پیش کی۔ راج ناتھ سنگھ نے دو طرفہ دفاعی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ ملاقات ہندوستان-روس بین حکومتی فوجی اور فوجی تعاون کمیشن کے 21ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری میں بے پناہ امکانات موجود ہیں اور مشترکہ کوششیں شاندار نتائج کی راہ ہموار کریں گی۔ ملاقات کے دوران راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہمارے ممالک کے درمیان دوستی بلند ترین پہاڑ سے بھی بلند اور گہرے سمندر سے بھی گہری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ اپنے روسی دوستوں کے ساتھ کھڑا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا کرتا رہے گا ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اتوار کو روس کے تین روزہ دورے پر گئے تھے۔ وہاں انہوں نے ہندوستانی بحریہ کے اسٹیلتھ جنگی جہاز کی کمیشننگ دیکھی اور روسی وزیر دفاع آندرے بیلوسوف کے ساتھ فوجی سازوسامان کی مشترکہ پیداوار میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر بات چیت کی۔ روسی میں بنے ملٹی رول اسٹیلتھ گائیڈڈ میزائل فریگیٹ آئی این ایس تشیل پیر کو ساحلی شہر کیلینن گراڈ میں لانچ کیا گیا۔ دنیا بھر میں تکنیکی طور پر سب سے جدید فریگیٹ میں سے ایک سمجھے جانے والے اس جنگی جہاز سے بحر ہند میں ہندوستانی بحریہ کی آپریشنل صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہونے کی امید ہے۔