رائے پور9جنوری: چھتیس گڑھ واقع کسم پلانٹ میں دردناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں چمنی گرنے سے ملبہ میں کم از کم 30 افراد دب گئے ہیں۔ اس حادثہ میں 5 سے زائد اموات کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حادثہ کے فوراً بعد ریسکیو مہم شروع ہو گئی ہے اور اب تک 2 لوگوں کو ملبہ سے نکال کر اسپتال میں داخل بھی کرایا گیا ہے۔ پولیس و انتظامیہ کی ٹیم جائے حادثہ پر موجود ہے اور ملبہ میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں لگاتار جاری ہیں۔ واقعہ چھتیس گڑھ کے مونگیلی ضلع کا ہے جہاں بلاس پور-رائے پور قومی شاہراہ سے ملحق رامبوڈ گاؤں واقع کسم پلانٹ میں اچانک بھاری سیلو (سامان رکھنے کا ذخیرہ) اچانک گر گیا۔ نتیجہ کار چمنی گر گیا اور پھر وہاں پر کام کر رہے تقریباً 30 مزدور ملبہ میں دب گئے۔ حادثہ پیش آتے ہی وہاں موجود دیگر ملازمین میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ فوری طور پر حادثہ کی جانکاری پولیس و انتظامیہ کو دی گئی۔ حادثہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ضلع کے اعلیٰ افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ریسکیو ٹیم راحت رسانی میں مصروف ہے۔ ابھی تک ملبہ سے 2 مزدوروں کو باہر نکالا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کسم پلانٹ کو علاقے میں اسپنج آئرن فیکٹری کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ فیکٹری ابھی زیر تعمیر ہے۔ جمعرات کو کام کے دوران ہی چمنی گر پڑی اور یہ حادثہ پیش آ گیا۔