نئی دہلی 26جولائی: اسرائیل لگاتار غزہ پر حملے کر رہا ہے جس سے وہاں ہر طرف تباہی کا منظر ہے۔ اس معاملے میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پرینکا گاندھی نے اپنے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ کئی مغربی ممالک اسرائیلی بربریت کی حمایت کر رہے ہیں جو شرمناک ہے۔ دراصل اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا امریکی پارلیمنٹ میں زوردار استقبال کیا گیا تھا اور ان کی تقریر کے دوران دو مرتبہ لوگوں نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائی تھیں۔ اس واقعہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے پرینکا گاندھی نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’اب غزہ میں ہو رہے قتل عام میں ہلاک شہریوں، والدین، ڈاکٹرس، نرس، معاون اہلکار، صحافی، اساتذہ، مصنفین، شاعر، سینئر شہریوں اور ہزاروں معصوم بچوں کے بارے میں بولنا کافی نہیں ہے۔ ہر صحیح سوچ والے شخص کی اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس تشدد اور قتل عام کا کھل کر جواب دے۔ ساتھ ہی دنیا کی ہر حکومت کو اسرائیلی حکومت کے اس قدم کی مذمت کرنی چاہیے اور اسے روکنے کی پیش قدمی کرنی چاہیے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے اسرائیلی حکومت کی غزہ پر بمباری سے متعلق طویل پوسٹ کیا ہے جس میں حیرانی ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’تہذیب کا دعویٰ کرنے والے اسرائیل کی یہ حرکتیں قبول نہیں کی جانی چاہئیں۔ باوجود اس کے اسرائیلی وزیر اعظم کا امریکی پارلیمنٹ میں استقبال کیا جا رہا ہے۔
نیتن یاہو کہتے ہیں کہ یہ جنگ بربریت اور تہذیب کے درمیان ہے، یہ ٹھیک بھی ہے۔ لیکن ان کو یہ ماننا ہوگا کہ وہ اور ان کی حکومت ہی بربریت کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ شرم کی بات یہ ہے کہ اسرائیل کی اس بربریت کا مغربی ممالک حمایت کر رہے ہیں۔‘‘