پیرس، 30 اگست (یو این آئی) ہندوستانی رنر پریتی پال نے جمعہ کو پیرس پیرا لمپک 2024 گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کی 100 میٹر ٹی 35 ریس میں کانسہ کا تمغہ جیتا۔ اس کے ساتھ ہی وہ پیرالمپکس میں 100 میٹر میں تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی پیرا ایتھلیٹ بن گئی ہیں۔ پیرس میں آج دوپہر بارش کی وجہ سے اسٹیڈ ڈی فرانس کا ٹریک نم تھا لیکن پریتی پر اس کا کوئی اثر نظر نہیں آیا۔ سخت مقابلے کے باوجود پریتی نے اپنی بہترین کارکردگی دکھائی اور 100 میٹر ٹی-35 ریس 14.21 سیکنڈ میں مکمل کرکے کانسے کا تمغہ جیتا۔ نیشنل پیرا ایتھلیٹکس چمپئن شپ (2024) گولڈ میڈلسٹ پریتی پال نے پیرالمپکس میں ہندوستان کے لیے تیسرا تمغہ جیتا ہے۔ پریتی پہلی بار پیرالمپکس میں حصہ لے رہی تھیں۔ پیرا اولمپکس میں یہ ان کا پہلا تمغہ ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے پریتی نے کہا، ”میں یقین نہیں کر سکتی کہ میں نے ملک کے لیے تمغہ جیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا پہلا پیرا اولمپکس تھا اور یہ میرا پہلا تمغہ ہے۔ انہوں نے اپنے کنبہ، ساتھیوں اور رشتہ داروں کی حمایت اور تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا۔